امریکا: 11/9 کی تقریب کے بعد ہیلری لڑکھڑا کر گر پڑیں
امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن اتوار کے روز منعقد ہونے والی 11 ستمبر کے حملوں کی یادگاری تقریب کے دوران شدید تھکاوٹ کا شکار ہوگئیں جس کے نتیجے انہیں فوری طور پر جگہ کو چھوڑ کر جانا پڑا۔
سوشل میڈیا کی مختلف ویب سائٹوں پر گردش کرنے والی وڈیو میں ہیلری کلنٹن اپنی گاڑی کے انتظار میں کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس دوران وہ گرنے کے قریب تھیں کہ ان کے ساتھیوں نے ہیلری کو تھام لیا اور گاڑی میں داخل ہونے کے لیے ان کی مدد کی۔ اخبار "ڈیلی میل" کے مطابق ہیلری کو گاڑی میں داخل کرنے کی کوشش کے دوران ان کا جوتا کھو گیا۔
ہیلری کلنٹن کی ڈاکٹر لیزا کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک امیدوار نمونیا میں مبتلا ہیں اور تقریب کے دوران وہ بخار اور ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں نیم بے ہوشی کا شکار ہو گئیں۔ ڈاکٹر کے مطابق ہیلری روبہ صحت ہیں۔ لیزا نے مزید بتایا کہ ہیلری کو کھانسی اور الرجی کی شکایت ہے۔ انہیں اینٹی بائیوٹکس دی گئی ہیں ساتھ ہی آرام اور اپنا شیڈول تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہیلری نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں پیر اور منگل کے روز مقررہ ریاست کیلیفورنیا کا دورہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران کئی بار ہیلری کی صحت کی جانب توجہ مرکوز کرانے کی کوشش کر چکے ہیں۔
ایک غیرملکی ایجنسی کے مطابق واقعے کے چند گھنٹوں بعد ہیلری نے میڈیا کے سامنے مسکراتے ہوئے اپنی چھوٹی بیٹی چیلسی کے ہمراہ تصاویر بنوانے پر آمادگی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "اب میں بہترین محسوس کر رہی ہوں۔ یہ نیویارک میں ایک خوب صورت دن ہے"۔
یہ ایک مسلمہ امر ہے کہ مذکورہ واقعے سے ان دعوؤں کو مزید تقویت ملے گی کہ 68 سالہ ہیلری کلنٹن صحت کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ تاہم خود ہیلری اپنی صحت کے حوالے سے زیر گردش دعوؤں کو "سازشی نظریات" قرار دیتی ہیں۔