جدہ میں سڑکیں دریا بن گئیں، شہری زندگی معطل
شدید بارشوں کے بعد سیلاب کا پانی کئی سرکاری دفاتر میں داخل
سعودی عرب کے ساحلی شہرجدہ میں موسلادھار بارش کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ منگل کی صبح سے ہونے والی بارش سے شہر کا نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ شہر کے متعدد انڈر پاسز ڈوب گئے جس کے باعث گورنریٹ نے انہیں ٹریفک کے لئے بند کردیا۔
شاہراہ الحرمین، شاہراہ فلسطین، طریق المدینہ، شاہراہ امیر ماجد ، مکرونہ اور جدہ کے جنوبی علاقوں کی مرکزی شاہراہیں ڈوب گئیں ۔ متعدد گاڑیاں خراب ہوگئیں جبکہ منچلے نوجوانوں نے سڑکوں پر کشتیاں چلانا شروع کردیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جدہ میں بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا۔
سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہرجدہ میں منگل کو صبح سویرے کالے بادلوں کی آمد کے ساتھ ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔شہر کے اکثر علاقوں میں کہیں تیز، ہلکی اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔بارش سے قبل گرج وچمک سے شہریوں اور غیر ملکی بالخصوص بچے خوف و ہراس میں مبتلا رہے۔
درایں اثناء مکہ مکرمہ گورنریٹ نے جدہ میں موسلادھار بارش کے باعث شہر کے انڈر پاس بند کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شرفیہ میں ستین اور شاہ عبد اللہ کوجوڑنے والا انڈر پاس، السلام انڈر پاس، حراء،سبعین انڈر پاس اور عزیزیہ میں فلسطین ، امیر ماجد انڈر پاس ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے ۔
جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ نے کہا ہے کہ بارش کے باعث پروازوں کی آمد روفت معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے اپنی فضائی کمپنی سے رابطہ کرکے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بارش کے باعث ابھی تک پروازیں متاثر نہیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات اورمشترکہ آپریشن روم 911نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ کالے بادل جدہ کی طرف آرہے ہیں۔ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ شہری وغیر ملکی پر خطر مقامات سے دور رہیں۔جدہ کے شمالی اور مغربی علاقوں میں پانی جمع ہے۔