کیلی فورنیا : سابق امریکی میرین کی بار میں فائرنگ، 12 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 6 منٹ

امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک سابق میرین نے ایک بار پر اندھا دھند فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس سارجنٹ سمیت بارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ اس مشتبہ حملہ آور نے خود کو گولی مار کر اپنی جان بھی لے لی ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ بدھ کی شب مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 20 منٹ پر لاس اینجلس کےنزدیک واقع شہر تھوزینڈ اوکس میں پیش آیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ کے بعد بار میں بھگدڑ مچ گئی اور وہاں موجود لوگ شیشے توڑ کر جانیں بچانے کے لیے بھاگنے لگے۔

وینٹورا کاؤنٹی کے شیرف کے مطابق فائرنگ کے وقت سیکڑوں افراد’ بار ڈر لائن بار اینڈ گرل ‘میں موجود تھے اور پولیس کی آمد کے وقت بھی گولیاں چلنے کا سلسلہ جاری تھا۔بار کے اندر موجود متعدد افراد نے ٹی وی اسٹیشنوں کو فون کرکے بتایا ہے کہ حملہ آور سیاہ لباس میں ملبوس لمبے قد کا شخص تھا اور اس نے سر پر ڈھاٹا باندھ رکھا تھا۔اس کا چہرہ بھی جزوی طور پر چھپا ہوا تھا ۔اس نے پہلے داخلی دروازے پر موجود ایک محافظ پر پستول سے گولی چلائی اور اس کے بعد اندر داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ لوگ بار کے چاروں کونوں میں دُبک گئے تھے، کچھ میزوں کے نیچے یا طہارت خانوں میں گھس گئے تھے اور چند لوگوں نے اسٹول اٹھا کر کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور پھر وہاں سے دسیوں افراد بھاگ جانے میں کامیاب ہوگئے ۔

بارڈر لائن کی ویب سائٹ کے مطابق بدھ کو بار میں ایک مقامی جامعہ کے طلبہ کی ’’ کالج کی شب‘‘ تھی اور ان کی تقریب منعقد ہورہی تھی۔ اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کم سے کم 30 گولیاں فائر کی گئی ہیں۔انھوں نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ملزم کے پاس ایک ہی پستول تھا اور وہ اسی سے گولیاں چلا رہا تھا۔

اس حملہ آور سابق میرین کی عمر 28 سال تھی۔ بارڈر لائن بار کے سر پرست ٹیلر وٹلر نے فاکس نیوز کو بتایا ہے کہ ’’ ملزم فارم میں تھا اور بظاہر یہ لگ رہا تھا کہ وہ جانتا تھا کہ وہ کیا کررہا ہے‘‘۔

وینٹورا کاؤنٹی کے شیرف جیف ڈین نے جمعرات کو نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کی شناخت ہوگئی ہے۔اس کا نام آئن ڈیوڈ لانگ ہے اور وہ امریکی میرین کور کا سابق فوجی تھا ۔ وہ فائرنگ کے واقعے کے بعد بار کے اندر مردہ حالت میں پایا گیا ہے اور حکام کو ابھی تک اس کے محرکات کا پتا نہیں چل سکا کہ اس نے کیوں فائرنگ کی ہے۔اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق بھی نہیں ملا ہے۔

انھو ں نے کہا کہ ’’ ہمیں یہ یقین ہے کہ اس نے خود کو گولی ماری ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برسوں کے دوران اس کا متعدد مرتبہ معمولی واقعات میں ماخوذ ہونے کی بنا پر پولیس سے ٹاکرا ہوا تھا۔قبل ازیں حکام نے یہ کہا تھا کہ وہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا ہے۔

شیرف ڈین نے فائرنگ سے مرنے والے سارجنٹ کی شناخت ران ہیلس کے نام سے کی ہے۔وہ فائرنگ کی آواز سن کر بار میں موجود لوگوں کو بچانے کے لیے آئے تھے اور خود حملہ آور کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔انھیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئے ہیں۔سارجنٹ ران کی عمر 54 سال تھی اور ان کا ایک جواں سال بیٹا ہے۔

وینٹورا  کاؤنٹی  کے شیرف جیف ڈین نے صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں۔
وینٹورا کاؤنٹی کے شیرف جیف ڈین نے صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں۔
مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں