سعودی شاہ سلمان کا شمالی علاقوں کا دورہ، 2 ارب 60 کروڑ ڈالرز مالیت کے منصوبوں کا افتتاح
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک کے شمال میں واقع سرحدی علاقوں کا دورہ کیا ہے اور عرعر شہر میں منعقدہ ایک عوامی اجتماع کے دوران میں دو ارب 60 کروڑ ڈالرز مالیت کے 65 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔
ان میں 17 منصوبوں کا تعلق شعبہ تعلیم سے ہے۔ ان پر دو ارب آٹھ کروڑ ریال لاگت آئے گی ۔ان کے علاوہ بلدیات کے منصوبوں پر 96 کروڑ 80 لاکھ ریال لاگت آئے گی۔
شمالی سرحدی علاقے سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بدھ کی شب شاہ سلمان کے اعزاز میں عر عر شہر میں ایک عوامی استقبالیے کا اہتمام کیا تھا۔اس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، شمالی سرحدی علاقے کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان کے علاوہ کئی ایک شہزادوں ، اعلیٰ حکام ، علاقے کی معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
شاہ سلمان شمالی علاقوں کے دورے پر ہیں۔عرعر سے قبل انھوں نے الجوف کا دورہ کیا تھا اور اس سے پہلے وہ تبوک گئے تھے۔ انھوں نے آج خطے میں متعدد بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
ان میں وعد الشمال صنعتی شہر کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح بھی شامل ہے۔اس منصوبے پر 55 ارب سعودی ریال لاگت آئے گی۔انھوں نے طریف گورنری میں اس منصوبے کے دوسرے مرحلے کا سنگِ بنیاد رکھا ہے۔
شاہ سلمان نے دورے کے موقع پر جمعرات کو شمالی سرحدی علاقے ، تبوک اور الجوف میں تعلیمی اداروں میں چھٹی کی ہدایت کی ہے۔