عوامی تقریبات میں مرکل کی ’کپکپاہٹ‘ سے جرمن شہری پریشان
کیا جرمن چانسلر انجیلا مرکل بہت زیادہ سفر کرتی ہیں؟ یہ سوال کثیر الاشاعت جرمن روزنامہ ’’بیلڈ‘‘ نے اپنی حالیہ اشاعت میں اٹھایا۔ اس سوال کا پس منظر حالیہ چند ہفتوں کے دوران جرمن رہنما کا تین مرتبہ شدید کپکپی کے بعد گیارہ جولائی کھڑے رہنے کے بجائے بیٹھ کر ایک تقریب میں شرکت تھا، جس نے جرمن شہریوں کو اپنی سربراہ مملکت کی صحت کے بارے میں فکر مند کیا۔
جرمن رہنما کو مختلف تقریبات میں کھڑے رہنے کے دوران کپکپاہٹ کے دوروں نے جرمنوں کے اوسان خطا کر دیے۔ اہالیاں جرمنی انجیلا مرکل کو غیر مستحکم دنیا میں مضبوط عزم وحوصلے کا پہاڑ سمجھتے ہیں۔ اسی لئے انھوں نے مرکل کی صحت سے متعلق فکر مندی ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا ہے آیا بھاری مصروفیات مرکل کے لیے سزا بنتی جا رہی ہیں۔
’’بیلڈ‘‘ اخبار کے کالم نگار فرانز جوزف رقمطراز ہیں: ’’تشریف فرما جرمن چانسلر، ڈچ وزیر اعظم کے اعزاز میں ہونے والی گارڈ آف آنر کی فوجی پریڈ کے دوران آپ کو خلاف ضابطہ نشست پر بیٹھا دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ایک شخص مضبوط رہنے کا خواہش مند ہے، لیکن ہم آئے روز اسے کپکپاہٹ کا شکار ہوتا دیکھ رہے ہیں۔
’’بیلڈ‘‘ کے مطابق اگلے ہفتے زندگی کی 65 بہاریں دیکھنے والی انجیلا مرکل نے امسال 21 غیر ملکی دورے کئے۔ مرکل کے مقابلے میں 41 سالہ فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے 17 جبکہ 62 سالہ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے اسی مدت میں اب تک 16 دورے کئے۔
مرکل یورپی یونین میں شامل ممالک کی سب سے بڑی معیشت کی سربراہ کے طور پر اتحاد کے سربراہی اجلاسوں میں رات گئے تک پیچیدہ مسائل کی گتھیاں خوش اسلوبی سے حل کرنے میں دوسرے رہنماؤں سے ہمیشہ آگے رہی ہیں۔
انجیلا مرکل گذشتہ جمعہ کو دو سرکاری مصروفیات کے موقع پر چوکس اور خوش گوار نظر آئیں۔ انھوں نے کیمروں کی چکا چوند میں کاربن کے نرخوں کی بابت بریفنگ لی اور تصویری گیلری کا افتتاح کیا۔
بدھ کے روز فن لینڈ کے وزیر اعظم کے اعزاز میں ہونے والی خیر مقدمی تقریب کے دوران انجیلا مرکل کپکپاہٹ کا شکار دکھائی دیں، تاہم ان کی صحت کا ریکارڈ تشویشناک نہیں ہے۔ ان کا باصرار کہنا تھا کہ ’’میں بالکل ٹھیک ہوں۔ وسط جون سے کپکپاہٹ کے دوروں کے باوجود میں کام کرتی چلی آ رہی ہوں۔‘‘
ستائیس جون کو جرمن صدر فرانک-والٹر اسٹائنمائر کی معیت میں مرکل پر طاری ہونے والی کپکپاہٹ کے بعد وہ طے شدہ پروگرام کے مطابق جاپان میں جی ٹوئنٹی سمٹ میں شریک ہوئیں جہاں سے واپسی پر انہوں نے یورپی یونین کے تین روزہ اذیت ناک سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ’’میں اپنی صحت کا خیال رکھ رہی ہوں۔‘‘
انجیلا مرکل 2005 سے جرمنی پر حکومت کر رہی ہیں۔ فی زمانہ کسی بھی مغربی جمہوریت میں وہ سب سے زیادہ حکومت کرنے والی سیاسی رہنما ہیں۔ وہ دو ہزار اکیس میں ہونے والے وفاقی پارلیمانی انتخابات سے قبل اپنا عہدہ چھوڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔