یوگنڈا : لبنانی تنظیم حزب اللہ کے خفیہ ایجنٹ کی گرفتاری
یوگنڈا میں حکام نے ایک خفیہ ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کے لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ تعلقات ہیں۔ اس بات کا انکشاف یوگینڈا کے اخبار "دی کمپالا پوسٹ" نے کیا۔
لبنانی باشندے حسین یاسین کو یوگنڈا کے دارالحکومت میں ایئرپورٹ پر ایک سیکورٹی کارروائی کے دوران اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ لبنان جانے والے ایک طیارے میں سوار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ سیکورٹی کارروائی میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے بھی شرکت کی۔
لبنانی شہری کی گرفتاری کئی ماہ تک کڑی نگرانی کے بعد عمل میں آئی۔ نگرانی کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ حسین یاسین نامی یہ شخص 9 سال سے یوگنڈا میں حزب اللہ کے خفیہ ایجنٹ کے طور پر کام کر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے یاسین کو دی جانے والی اہم ترین ذمے داری یوگنڈا میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کا پتہ چلانا تھا۔
ایک انٹیلی جنس ذریعے نے مذکورہ اخبارکو بتایا کہ یاسین نے انٹیلی جنس کی غرض سے یوگنڈا میں رہنے والے کم از کم 100 لبنانیوں سے ملاقات کی۔ اس دوران امریکا اور یورپ کا سفر کرنے والوں کے علاوہ حج اور عمرے کے لیے سعودی عرب جانے والے مسافرین پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
دی کمپالا پوسٹ کے مطابق یاسین جس کے بارے میں سات جولائی کے بعد سے خبروں کا سلسلہ منقطع ہو گیا ... اس کو حزب اللہ کے غیر ملکی رابطوں کے ایک یونٹ نے علی وہیب (عرُف ابو جہاد) نامی شخص کے ذریعے بھرتی کیا تھا۔