سعودی عرب کی تیل کی سب سے بڑی فرم آرامکو نے منگل کے روز امریکا میں قائم مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی ’’حدود سے ماورا‘‘(بی یانڈ لمیٹس) کے اشتراک سے ’’گلوبل اے آئی کوریڈور‘‘ شروع کرنے کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) امین الناصرنے الریاض میں گلوبل اے آئی سمٹ میں کہا کہ یہ راہداری مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے پیچیدہ حل تیار کرنے،انھیں تجارتی بنانے، سعودی ٹیلنٹ کی تربیت، سعودی اسٹارٹ اپ کی معاونت اور عالمی شراکت دار کے ساتھ مل کر مقامی اے آئی ماحولیاتی نظام وضع کرنے کے لیے بنائی جارہی ہے۔
’’حدود سے ماورا‘‘ کے سی ای او اے جے عبداللہ نے منگل کو العربیہ ٹی وی کو بتایا کہ 25 کروڑڈالر مالیت کے اس معاہدے کا مقصد الریاض کو امریکی ریاست کیلی فورنیا سے (برقی طور پر)جوڑنا ہے۔
اے جے عبداللہ نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے تحت آرامکو کے ساتھ مل کر ایک مرکز کی تعمیر شامل ہوگی جو توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرے گا اور یہ پانچ سال تک کام کرے گا۔
امین الناصر نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے تحت اے آئی ڈلیوری فیکٹری، اے آئی اکیڈمی اور اے آئی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ لیبارٹریز کا قیام بھی شامل ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام ترقی کے ابتدائی مراحل میں ہے لیکن اس سے ہمارے عزائم کی سطح کا اظہار ہوتا ہے۔