مسلم زعماءکونسل کے زیراہتمام انسانی بھائی چارے کی تاریخی دستاویزپردست خط کی سال گرہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

مسلم زعماءکونسل نے ہفتہ کے روزتاریخی ’انسانی بھائی چارے کی دستاویز‘کی چوتھی سالگرہ منائی ہے۔اس پر رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس اورمصر کی قدیم دانش گاہ الازہر کے شیخ احمدالطیب نے دست خط کیے تھے۔

متحدہ عرب امارات کے اس وقت کے وزیراعظم (موجودہ صدر)شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی موجودگی میں 4 فروری 2019 کوابوظبی میں اس دستاویز پردست خط کیے گئے تھے۔اس دستاویزکا مقصد رواداری اور افہام و تفہیم کا ایک پائیدار ورثہ تخلیق کرنا تھا جس کی عکاسی دنیا بھر میں انسانی بھائی چارے کے سالانہ بین الاقوامی دن سے ہوتی ہے۔

شیخ الجامعہ الازہرڈاکٹراحمدالطیب نے کہاکہ انسانی بھائی چارے کاعالمی دن مَحبّت، بقائے باہمی اور ملائمت کی اقدار کوبرقرار رکھنے اورعدم رواداری، افراتفری، نفرت، تنہائی اورانتہاپسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد اور یک جہتی کے اظہارکا ایک بہترین موقع ہے۔

انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’اس دن کی اہمیت ان سنگین انسانی چیلنجوں کی روشنی میں اور بڑھ جاتی ہے جن کا اس وقت دنیا کو سامنا ہے‘‘۔

قفقاز کے مفتیِ اعظم اور مسلم کونسل برائے عمائدین کے رکن اللہ شکورپاشازادہ نے ایک بیان میں اس دستاویز کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ’’یہ مکالمے، بقائے باہمی، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کو فروغ دیتی ہے، خاص طور پر اس مشکل وقت میں جس کا دنیا کوسامنا ہے‘‘۔

پاشا زادہ نے کہا کہ ’’دستاویز نے مسیحی اسلامی مکالمے کو اعلیٰ ترین سطح تک پہنچا دیا ہے اورانتہا پسندی، عدم رواداری، تعصب، نسل پرستی اور امتیازی سلوک کے خلاف لڑنا ضروری ہے کیونکہ یہ عوامل عالمی استحکام اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں‘‘۔

انھوں نے یہ بھی نوٹ کیاکہ دستاویز انسانی زندگی اوروقار کو خدا کی طرف سے دی گئی اعلیٰ ترین اقدارمیں سے ایک تسلیم کرتی ہے اور اسے صرف قوانین اور رسم ورواج کے بجائے اخلاقی اصولوں کے ذریعہ محفوظ کیا جانا چاہیے۔

انھوں نے انسانی بھائی چارے کے عالمی دن کے موقع پر تمام لوگوں کو مبارک باد پیش کی اور امن، ہم آہنگی اور انسانی بھائی چارے کے حصول کے لیے مزید کوششوں پر زوردیا۔انھوں نے قرآن مجید کی آیت المائدہ 2 کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا:’’نیکی اور راست بازی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرو اور گناہ اور ظلم میں تعاون نہ کرو‘‘۔

مسلم زعماء کونسل کے سیکریٹری جنرل جج محمد عبدالسلام نے کہاکہ ’’ہم اپنے آپ کو اور پوری دنیا کو انسانی بھائی چارے سے متعلق دستاویز پر دست خط کی سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔یہ تمام انسانیت کے لیے بھلائی، محبت اور امن کا پیغام دیتی ہے‘‘۔

’’آج، جب ہم اس کی چوتھی سال گرہ منا رہے ہیں، ہمارے پاس دستاویز کے اصولوں کولاگوکرنے اورانھیں آئین میں منتقل کرنے کا ایک حقیقی موقع ہے۔ یہ آنے والی نسلوں کے لیے انسانی بقائے باہمی کو آگے بڑھانے کے لیے ایک رہ نما کی حیثیت رکھتی ہے‘‘۔ ان کا مزید کہنا تھا۔

اس دستاویزکوآغاز سے اب تک دنیا کے دوبڑے ادیان کے مشترکہ اعلامیے کے طور پرعالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔عالم اسلام اور مسیحیت کے ممتاز ترین مذہبی پیشواؤں نے اس کی توثیق کی تھی۔

انسانی بھائی چارے کاعالمی دن عالمی امن، پُرامن بین المذاہب بقائے باہمی کی وکالت کرتے ہوئے انسانی بھائی چارے سے متعلق دستاویز کے اصولوں اور اقدارپرروشنی ڈالتا ہے اوراس دستاویز کو یاد کرتے ہوئے ایک زیادہ پرامن دنیا کی تعمیرکے راستے کے طور پرمزید اچھے طریقوں کی تلاش کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 21دسمبر، 2020 کو،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متحدہ عرب امارات اور مصر کی مشترکہ سرپرستی میں ایک قرارداد منظورکی تھی اس کے تحت 4 فروری کو انسانی بھائی چارے کا عالمی دن قراردیا گیا تھا۔

چارفروری 2021 کو پہلی مرتبہ انسانی بھائی چارے کا عالمی دن منایا گیا۔اسی تاریخ کواس دستاویز کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

چارفروری 2022ء کوڈاکٹراحمدالطیب، پوپ فرانسیس اور امریکی صدر جو بائیڈن نے انسانی بھائی چارے کا دوسرا بین الاقوامی دن منایا تھا۔ نیزمتحدہ عرب امارات کی وزارت رواداری اوربقائے باہمی کی جانب سے اس تاریخی دن کی مناسبت سے ایکسپو 2020 دبئی کے حصے کے طور پرمختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں