مراکش میں زلزلے سے پروازیں متاثر؛ مشہوراطالوی اوپیراہاؤس کا برسلز میں کنسرٹ منسوخ
اٹلی کے مشہور لا اسکالا اوپیرا ہاؤس نے ہفتے کے روز برسلز میں ہونے والا ایک کنسرٹ منسوخ کردیا ہے اور کہا ہے کہ مراکش میں زلزلے کے بعد یورپ میں فضائی ٹریفک میں خلل پڑا ہے اور اس کا آرکیسٹرا اور گانے والے شہروں کے درمیان پھنس کررہ گئے ہیں۔
لا اسکالا نے ایک بیان میں کہا کہ’’برسلز کے بوزار مرکز برائے فائن آرٹس میں ریکارڈو چیلی کا آرکیسٹرا اور گلوکاروں کا کنسرٹ مراکش میں آنے والے الم ناک زلزلے کے یورپی فضائی ٹریفک پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اب نہیں منعقد ہو سکے گا‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جس طیارے نے 215 آرکیسٹرا فن کاروں، گلوکاروں،مغنیوں اور عملہ کو گذشتہ رات کے کنسرٹ کے مقام ،ڈنمارک کے شہر آلبورگ سے برسلز لے جانا تھا، اسے مراکش شہرکے ہوائی اڈے پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کئی یورپی فضائی راستوں پر زلزلے کے اثرات کا مطلب یہ ہے کہ آج رات کے کنسرٹ کے لیے کوئی دوسرا حل بروقت تلاش نہیں کیا جا سکا۔
مراکش (المغرب) کے مشہورسیاحتی اور تاریخی مقام مراکش کے قریب 6.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور بارہ سو سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
میلان میں قائم اوپیرا ہاؤس کا کہنا ہے کہ موسیقاروں کے خیالات وجذبات سب سے پہلے اس تباہ کن زلزلے اور اس عظیم المیے کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔
دریں اثناء اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے مراکش میں مقیم اطالوی شہریوں پر زور دیا ہے کہ ’’وہ اس وقت تک مراکش شہر سے باہر جانے کی کوشش نہ کریں جب تک کہ ان کے پاس ٹکٹ نہ ہوں اور وہ ہوائی اڈے پرازدحام کو ملحوظ رکھیں‘‘۔