المسجد الحرام کی چھت پر معمر اور معذور افراد کو طواف کی سہولت کے لیے گالف کار
ہر گاڑی میں 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، اس کا کرایہ گاڑی فی کس کرایہ 25 ریال رکھا گیا ہے
ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے المسجد الحرام میں معمر اور بیمار زائرین کے لیے مخصوص گالف کار کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ گالف گاڑیوں سے المسجد الحرام کی چھت سے طواف کرایا جاتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ابتدائی طور پر 50 گالف گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔
آن لائن سعودی نیوز پورٹل ’عاجل‘ کے مطابق گالف گاڑیوں کی سہولت محدود وقت کے لیے فراہم کی جاتی ہے جو شام چار سے صبح کے چار بجے تک ہے۔ گاڑی کا فی کس کرایہ 25 ریال ہے۔ ہر گاڑی میں 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
گاڑیوں کے لیے بکنگ کے انتظامات المسجد الحرام کے مختلف دروازوں پر کیے گئے ہیں جن میں باب اجیاد کی سمت میں موجود برقی زینے، شاہ عبدالعزیز گیٹ اور عمرہ گیٹ کے سمت موجود لفٹ شامل ہے۔ ان مقامات سے گالف گاڑیوں کی بکنگ کرانے کے بعد وہاں سے لفٹ کے ذریعے المسجد الحرام کی چھت پر پہنچ کر گاڑی کی سہولت حاصل کی جا سکتی ہے۔