جنوب میں حزب اللہ کے ساتھ محاذ آرائی جاری ہے۔ جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل کی طرف درجنوں راکٹ داغے گئےہیں۔
العربیہ/الحدث کے نامہ نگار نے پیر کے روز اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان سے بالائی الجلیل میں 50 سے زیادہ میزائل داغے گئے۔
جب کہ اسرائیلی حملوں میں عربسلیم اور بنت جبیل کے قصبوں کے ساتھ ساتھ جنوبی لبنان کے قصبوں مارون الراس، یارون اور عترون کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے برج راحل قصبے کے مضافات اور ضلع صور قصبوں یارین اور الجبین کے درمیانی علاقے میں ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا جب کہ نشانہ بنائے گئے علاقے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
حزب اللہ کا کمانڈر ہلاک
دریں اثناء حزب اللہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل کے شہر صفد پر ایک "بڑا میزائل" حملہ کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے علاقے براشیت میں حزب اللہ کے رہ نما ابو علی رضا کو ہلاک کر دیا۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ "ابو علی رضا اسرائیلی فوج پر میزائل اور ٹینک شکن حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کا ذمہ دار تھا۔ وہ خطے میں حزب اللہ کے ارکان کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا تھا"۔
ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں سے اسرائیل کے اندر داخل ہونے والے دو ڈرون کومار گرایا ہے۔