ٹائی ٹینک کی یادگار سونے کی جیبی گھڑی ریکارڈ قیمت میں نیلام
تقریبا 112 سال قبل سمندر میں ڈوب جانے والے مسافر جہاز 'ٹائی ٹینک' کے کپتان کو دی جانے والی جیبی گھڑی تقریبا بیس لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گئی۔ یہ سمندر میں غرق جہاز کے ملبے سے ملنے والی اشیاء میں مہنگی ترین فروخت کا ریکارڈ ہے۔
یہ گھڑی 18 قیراط سونے کی ہے اور اسے "ٹیفنی اینڈ کو" کمپنی نے ڈیزائن کیا تھا۔ یہ گھڑی تین خواتین نے 'آر ایم ایس کارپاتھیا' جہاز کے کپتان آرتھر روسٹرون کو دی تھی تا کہ وہ اپنے جہاز کا رخ ٹائی ٹینک کی جانب کریں اور اس کے مسافروں کو ڈوبنے سے بچا سکیں۔ یاد رہے کہ ٹائی ٹینک جہاز 1912 میں اپنے پہلے سفر کے دوران میں شمالی بحر اوقیانوس میں ایک برفانی تودے سے ٹکرا گیا تھا۔
ہفتے کے روز امریکا میں ہنری ایلڈریج اینڈ سن کی جانب سے منعقد ہونے والے نیلام میں یہ گھڑی نادر اشیاء جمع کرنے کے ایک شوقین کو 15.6 لاکھ برطانوی پاؤنڈ میں دی گئی۔
کپتان روسٹرون کو یہ گھڑی ٹائی ٹینک پر سوار سب سے دولت مند شخص جون جیکب اسٹور اور دیگر دو دولت مند افراد کی بیواؤں نے بطور تحفہ پیش کی تھی۔