انجن میں آتش زدگی: روس کا طیارہ ترکیہ میں خالی کروا لیا گیا
انطالیہ ایئرپورٹ پر اترتے ہی انجن میں آگ بھڑک اٹھی، مسافر اور عملہ محفوظ رہا
وزارت برائے نقل و حمل نے بتایا کہ اتوار کو ایک روسی طیارے سے 90 سے زائد مسافروں اور عملے کو نکال لیا گیا جب جنوبی ترکیہ کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران اس کے ایک انجن میں آگ لگ گئی۔
یہ واقعہ روس کی ازیموت ایئرلائنز کے زیرِ انتظام چلنے والے سکھوئی سپر جیٹ 100 (ایس یو 95) کے ساتھ پیش آیا۔
وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا کہ طیارہ ابھی ترکیہ کے بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع انطالیہ ایئرپورٹ پر اترا ہی تھا کہ اس کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔
جہاز میں موجود 89 مسافروں اور عملے کے چھے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا، ایئرپورٹ پر تمام طے شدہ لینڈنگ صبح 3:00 بجے تک منسوخ کر دی گئی۔ جبکہ روانگی کے منتظر دیگر طیارے ٹیک آف کے لیے ایئرپورٹ کا فوجی رن وے کا استعمال کریں گے۔
ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کو بتایا کہ آگ سے جہاز کا بایاں انجن متأثر ہوا لیکن اسے جلد ہی بجھا دیا گیا تھا۔