لاس اینجلس میں آتشزدگی: آسکر کے نامزد افراد کا ظہرانہ منسوخ
کئی ہالی وڈ شخصیات کا متأثرین کے لیے عطیات دینے کا اعلان
آسکر ایوارڈ دینے والے ادارے نے پیر کو کہا کہ لاس اینجلس میں جنگل کی آگ کے سانحے کی وجہ سے وہ اس سال کے نامزد افراد کا پرتعیش ظہرانہ منسوخ کر رہا ہے۔
اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے نامزدگیوں کا اعلان بھی آن لائن کر دیا۔ ہالی ووڈ اس وقت سانحے کی اداسی سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے جبکہ ان دنوں یہ عموماً ایوارڈ سیزن کا جشن منا رہا ہوتا ہے۔
اکیڈمی کے سی ای او بل کریمر اور صدر جینٹ یانگ نے کہا، "ہم سب آتشزدگی کے اثرات اور کمیونٹی میں کئی لوگوں کو ہونے والے گہرے نقصانات سے بہت زیادہ صدمے میں مبتلا ہیں۔ اکیڈمی ہمیشہ سے فلمی صنعت کے اندر ایک متحد کرنے والی قوت رہی ہے اور ہم مشکلات کا سامنا کرنے میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔"
اکیڈمی نے کہا کہ آسکر کے فائنلسٹ کے ناموں کا اعلان اب 23 جنوری کو ایک ورچوئل ایونٹ میں کیا جائے گا جبکہ ایوارڈ کے لیے نامزد کردہ افراد کا ظہرانہ - شیمپین کے ہمراہ جشن - منسوخ ہے۔
امریکہ کے دوسرے بڑے شہر لاس اینجلس میں وسیع آتشزدگی نے پوری کمیونٹیز کو خاکستر کر دیا ہے جس میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور ہزاروں عمارات تباہ ہو گئی ہیں۔
آگ بھڑکنے کے سات دن بعد بھی 92,000 لوگ بے گھر ہیں۔
انتھونی ہاپکنز، میل گبسن اور بلی کرسٹل سمیت ہالی وڈ کے ستاروں کے گھر آگ کی لپیٹ میں آ گئے اور ٹی وی اور فلم کی پروڈکشن روک دی گئی۔
ہالی ووڈ کے سٹوڈیوز اور سٹریمرز نے ہنگامی حالات اور تعمیرِ نو کی کوششوں کے لیے کروڑوں کے عطیات دینے کا وعدہ کیا ہے۔
وارنر برادرز ڈسکوری اور ڈزنی دونوں نے 15 ملین ڈالر جبکہ نیٹ فلکس، ایمیزون اور یونیورسل کی پیرنٹ کمپنی کامکاسٹ میں سے ہر ایک نے 10 ملین ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔
وارنر نے ایک بیان میں کہا، "ہمارے سٹوڈیو نے 100 سال سے زائد عرصے سے بربینک کو اپنا گھر کہا ہے اور ہم اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں جو اس آفت کے متأثرین کی مدد اور آئندہ ہفتوں، مہینوں اور سالوں میں تعمیرِ نو کے لیے ہونا چاہیے۔"
'لچکدار'
انڈسٹری اس بات پر غور کر رہی ہے کہ کچھ ہی دن قبل شروع ہونے والے ایوارڈ سیزن کو کیسے چلایا جائے جس میں شاندار پریمیئرز، جشن اور انعام دینے کی تقریبات کا ایک لامتناہی سلسلہ شامل ہے۔
ہالی ووڈ کے اندرونی ذرائع اس شہر کے مصائب سے ہوشیار اور محتاط ہیں جو ٹی وی اور فلم کی صنعتوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں فنکاروں اور کارکنان کا گھر ہے۔
"ہیکز" کی اداکارہ جین سمارٹ نے پورا سیزن ہی منسوخ کر دینے کی حمایت کرتے ہوئے ٹی وی نیٹ ورکس پر زور دیا ہے کہ وہ ایوارڈ سے حاصل شدہ آمدنی "آتش زدگی کے متأثرین اور آگ بجھانے والے کارکنان" کو عطیہ کر دیں۔
لیکن اکیڈمی نے پیر کو کہا کہ وہ اپنی جشن کی شام کے ساتھ آگے بڑھے گی جس میں سب سے پہلے ہنگامی حالات کے جواب دہندگان دو مارچ کو ڈولبی تھیٹر میں موجود ہوں گے۔
ایک بیان میں کہا گیا، "ہمارے اراکین ہمیشہ اس بات کا اشتراک کرتے ہیں کہ ہمارے لیے ایک خاندان کے طور پر متحد ہونا کتنا ضروری ہے اور ہم اس موقع کو اپنی باہمت اور ہمدرد صنعت کے اعتراف کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے پرعزم ہیں۔ ہم امدادی کارروائیاں کرنے والے صفِ اول کے کارکنان کو اعزاز دینے، آتش زدگی کے متأثرین کو سامنے لانے اور لوگوں کو امدادی کوششوں میں مدد کے لیے اکیڈمی میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کے منتظر ہیں۔"
منتظمین نے پیر کو بتایا کہ موسیقی کے شعبے کے ایوارڈز کی مساوی تقریب دی گرامیز بھی طے شدہ وقت کے مطابق آگے بڑھے گی۔
اکیڈمی کے اراکین کو لکھے گئے اور اے ایف پی کے حاصل کردہ ایک خط میں منتظمین نے کہا کہ 67 ویں سالانہ میوزک ایوارڈز کی تقریب لاس اینجلس کے مرکز میں کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا میں منعقد ہو گی جو"عوامی تحفظ اور علاقے کے وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں ہو گی۔"
خط میں کہا گیا ہے کہ بیونسے، ٹیلر سوئفٹ، بلی ایلش اور کینڈرک لامر سمیت نامزد افراد کے اعزاز کے ساتھ ساتھ یہ شو امدادی کوششوں میں مدد کے لیے نقد رقم جمع کرنے کی کوشش کرے گا اور آگ کے خلاف جنگ میں مصروف امدادی کارکنان کو خراج تحسین پیش کرے گا۔
اگلے ہفتے یوٹاہ میں شروع ہونے والا سنڈینس فلم فیسٹیول بھی آگے بڑھے گا۔
منتظمین نے کہا، "اس وقت ہم آہ و زاری کر سکتے ہیں لیکن ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ایوارڈ تقریب کو جاری رکھنا ضروری ہے۔"
-
خوفناک مناظر: بیلا حدید لاس اینجلس میں اپنے جلتے ہوئے گھر پر رو پڑیں
لاس اینجلس میں گذشتہ منگل کو لگنے والی آگ سے ہالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات متاثر ...
بين الاقوامى -
لاس اینجلس کی آگ میں آسٹریلوی اداکار بھی ہلاک، والدہ نے آخری لمحات کی روداد بتا دی
لاس اینجلس کی آگ نے بہت سی المناک کہانیاں اپنے پیچھے چھوڑ دی ہیں۔ اس آگ میں ایک ...
بين الاقوامى -
ہر سمت موت کا راج، ٹرمپ لاس اینجلس کے سیاستدانوں پر پھر برہم
کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی آگ مسلسل چھٹے روز بھی جاری ہے، متاثرین ...
بين الاقوامى