آئر لینڈ نے غزہ میں اسرائیلی ریاست کی طرف سے مسلسل انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کو یورو ویژن میں شرکت کی اجازت دی گئی تو آئر لینڈ یورو ویژن کا احتجاجا بائیکاٹ کر دے گا۔
یہ بات آئر لینڈ کے ریاستی نشریاتی ادارے ' آر ٹی ای ' نے جمعرات کے روز نشریات کے دوران کہی ہے۔ آئر لینڈ جو غزہ میں فلسطینیوں کی اسرائیلی ریاست کے ہاتھوں نسل کشی پر مسلسل اپنی آواز بلند کر رہا ہے۔ اس نے پچھلے سال ماہ مئی میں فلسطینی ریاست کو بھی تسلیم کر لیا تھا۔
نشریاتی ادارے نے کہا ' آئر لینڈ کی طے شدہ پوزیشن ہے کہ 2026
میں منعقد ہونے والے موسیقی کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے یورپ کے روایتی میوزک میلے میں شریک نہیں ہوگا۔
کیونکہ غزہ میں جاری موجودہ صورت حال کہ جس میں خوفناک جانی نقصان جاری ہے آئرلینڈ کی شرکت غیر معقول ہوگی۔
یاد رہے آئرلینڈ اس سے قبل 7 مرتبہ یوروویژن میں فاتح رہا ہے۔ اس لیے اس کی شرکت اور عدم شرکت کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آئر لینڈ کی جانب سے اس بارے حتمی فیصلہ اس وقت لیا جائے گا جب یورپی نشریاتی یونین کا اس معاملے پر کوئی فیصلہ سامنے آجائے گا۔
اس سے پہلے ماہ جولائی میں یورپی یونین کی جنرل اسمبلی کے دوران کئی ارکان نے اسرائیل کے حوالے سے اپنے تحفظات اور خدشات ظاہر کیے تھے ۔ اس کے بعد سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا تھا کہ '
مستقبل میں اسرائیل کو یورو ویژن سے خارج کر دینا چاہیے۔ جیسا کہ روس کو 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد سے حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔ '
انہوں نے کہا ' اسرائیل کو بھی شرکت سے روکا جائے۔ کیونکہ ہم ثقافت میں دوہرے معیارات کی اجازت نہیں دے سکتے۔'