’’ اپنے وقت سے آگے‘‘ العربیہ نے ریاض میں اپنے نئے سٹوڈیوز سے مکمل نشریات کا آغاز کر دیا

ہمارے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ماہانہ 10 ارب ویوز حاصل کر رہے، عظیم میڈیا نیٹ ورک ہونے پر فخر ہے: ڈائریکٹر جنرل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

’’ العربیہ اپنے وقت سے آگے‘‘ کے نعرے کے تحت "العربیہ" نیٹ ورک نے اتوار 8 فروری کو رات نو بجے سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنے نئے سٹوڈیوز سے مکمل نشریات کا آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ جولائی میں ریاض منتقلی کا عمل حتمی طور پر مکمل ہونے کے بعد نیٹ ورک نے اپنی نئی عمارت سے مکمل نشریات کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ نشریات ایک نئی بصری شناخت کے ساتھ پیش کی جا رہی ہیں جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی )، ورچوئل ٹیکنالوجی اور میڈیا انڈسٹری کی جدید ترین تکنیکیں استعمال کی گئی ہیں۔

العربیہ نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل ممدوح المہینی نے زور دیا ہے کہ ریاض کے سٹوڈیوز پیشہ ورانہ نیٹ ورک کے سفر میں ایک نیا سنگ میل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ العربیہ کے ناظرین ہی اس کے سفر کا اصل ایندھن اور اس کی کامیابی کا سہارا ہیں۔ المہینی نے العربیہ کی ٹیم کا 23 سالہ انتھک محنت پر شکریہ ادا کیا اور اشارہ کیا کہ ریاض کے سٹوڈیوز ایک ایسی معیاری تبدیلی ہے جو جدید آلات فراہم کرتی ہے۔ خاص طور پر اس لیے کہ یہ زیادہ معیاری اور پیشہ ورانہ مواد پیش کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ڈائریکٹر جنرل نے یہ بھی کہا کہ نیٹ ورک کی ریاض میں موجودگی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور نیٹ ورک کی ترقی میں معاون ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ "العربیہ" ریاض کے علاقائی و بین الاقوامی اثر و رسوخ اور خطے کی سب سے بڑی معیشت سے فائدہ اٹھائے گی۔ ان کا ماننا تھا کہ ریاض آج میڈیا اور مواد سازی کا دارالحکومت ہے اور العربیہ کو ایک مربوط نظام اور ایک عظیم میڈیا نیٹ ورک ہونے پر فخر ہے۔

المہینی نے انکشاف کیا کہ العربیہ کے پاس رپورٹرز کا ایک ایسا جال ہے جو دنیا کے نقشے پر پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ماہانہ تقریباً 10 ارب ویوز حاصل کر رہے ہیں۔ العربیہ نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ریاض کے سٹوڈیوز ایک ایسا کارنامہ ہیں جس پر ہمیں فخر ہے اور یہ مستقبل میں ایک سرمایہ کاری ہے۔

یہ اعلان نیٹ ورک کی جانب سے دو دن قبل ریاض میں اپنے نئے سٹوڈیوز کے باضابطہ افتتاح کے بعد سامنے آیا ہے جس میں سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری، العربیہ نیٹ ورک اور ایم بی سی گروپ کے چیئرمین شیخ ولید الابراہیم اور نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل ممدوح المہینی نے شرکت کی تھی۔ یہ ایونٹ ایک معیاری موڑ کی نمائندگی کرتا ہے کیونکہ اس عمارت میں ایسے سٹوڈیوز موجود ہیں جو میڈیا اور کمیونیکیشن کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔ یہ سٹوڈیوز نیٹ ورک کے ادارتی کردار کی تکمیل اور خطے اور دنیا میں اس کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔

ریاض کی سیاسی و اقتصادی اہمیت

واضح رہے العربیہ نیٹ ورک کے نئے سٹوڈیوز میں جدید آلات شامل ہیں جو اسے پوری پیشہ ورانہ مہارت اور معیار کے ساتھ میڈیا مواد کی پیشکش جاری رکھنے کے قابل بنائیں گے۔ اسی طرح نیٹ ورک اپنے کام کو ترقی دینے اور عالمی سطح پر چھا جانے کے لیے دارالحکومت ریاض کی سیاسی، اقتصادی اور میڈیا کی اہمیت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں