بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اسرائیلی دورے کے اختتام پر نیتن یاہو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کا اس امر پر مکمل اتفاق ہے کہ دنیا میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں رہنے دی جائے گی۔
ان کی یہ پریس کانفرنس دو روزہ دورے کے تکمیلی مرحلے پر ہوئی اور دونوں نے دہشت گردوں اور دہشت گردی کے خلاف مکمل تعاون، یکجہتی و اشتراک پر اتفاق کیا۔
نریندر مودی کے اس دورے پر ان کے اپنے ملک میں بھی تنقید ہوتی رہی ہے۔ تاہم بطور بھارتی وزیراعظم ان کا اسرائیل کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ مودی 2014 سے بھارت کے وزیراعظم چلے آرہے ہیں۔
ان کا یروشلم میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا بھارت و اسرائیل اس بارے میں اچھی طرح واضح ذہن رکھتے ہیں کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کی گنجائش نہیں رہنے دیں گے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا انسانوں کو کبھی بھی جنگوں کا نشانہ نہیں بننا چاہیے۔ وزیراعظم مودی نے اس موقع پر اسرائیل و بھارت کے درمیان مستقبل کے تعاون پر بھی بات کی جو مختلف شعبوں میں جاری رہے گا۔ خصوصا توانائی و ٹیکنالوجی کے میدانوں میں۔
نیتن یاہو نے پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم مودی کے دورے کو انتہائی خوش کن اور غیر معمولی ہونے کے ساتھ ساتھ بامعنی قرار دیا کہ دونوں ملک تعاون کی نئی منزلیں حاصل کریں گے۔
نیتن یاہو نے کہا ہم دونوں قدیمی تہذیبیں ہیں جس پر ہم دونوں کو فخر ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ہم دونوں یہ بھی عزم رکھتے ہیں کہ ہمیں اپنے مستقبل کو کس طرح آگے بڑھانا ہے اور ہم مل کر یہ کام بہت اچھا کر سکتے ہیں۔