کویت، اسرائیل پر ایرانی حملوں کا جواب 'جلد ہی' دیا جائے گا: ٹرمپ
ٹرمپ نے نئی ایرانی قیادت کو "معقول" قرار دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ ایران نے کویت میں پانی اور بجلی کے پلانٹ کے ساتھ ساتھ اسرائیل میں آئل ریفائنری پر جو حملے کیے ہیں، ان کا جواب "جلد ہی" دیا جائے گا۔
قبل ازیں ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر دھمکی دی تھی کہ جلد امن معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں وہ ایران کے بجلی گھروں، تیل کے کنوؤں، پانی صاف کرنے کی سہولیات اور جزیرہ خارگ کا "مکمل خاتمہ" کر دیں گے۔
نیویارک پوسٹ سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، یہ جلد ہی واضح ہو جائے گا کہ آیا ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر غالباف واشنگٹن سے گفتگو کے لیے آمادہ ہیں یا نہیں۔
ٹرمپ نے کہا، "ہمیں جلد پتا چل جائے گا۔ میں آپ کو تقریباً ایک ہفتے میں بتا دوں گا۔"
انہوں نے مزید کہا، رہبرِ اعلیٰ سمیت سینئر ایرانی رہنماؤں کی ہلاکت کے بعد امریکہ جن "نئے لوگوں" سے بات چیت کر رہا ہے، وہ "کافی معقول" ہیں۔
انہوں نے ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا، "کسی کا ان سے رابطہ نہیں ہوا"۔
ٹرمپ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای ممکنہ طور پر زندہ ہیں "لیکن ان کی حالت غیر معمولی طور پر خراب" ہے۔