اسرائیل نئی سفاکیت اور قتل عام کا مرتکب، عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں:لبنانی ایوانِ صدر

لبنان پر وسیع پیمانے پر اسرائیلی فضائی حملوں میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی:لبنانی وزیرِ صحت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

لبنانی ایوانِ صدر نے بدھ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے آج ایک نئی سفاکیت کا ارتکاب کیا ہے اور وہ عالمی قوانین و اقدار کو یکسر مسترد کر رہا ہے۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان جارحانہ حملوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

لبنانی ایوانِ صدر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ وحشیانہ حملے جو نہ حق کو جانتے ہیں اور نہ ہی کسی معاہدے یا عہد کا احترام کرتے ہیں، بارہا ثابت کر چکے ہیں کہ اسرائیل تمام عالمی قوانین اور مروجہ اصولوں کو پامال کرتا ہے۔ ہم نے معاندانہ کارروائیاں روکنے کے معاہدے کے پندرہ مہینوں کے دوران دیکھا ہے کہ کس طرح بغیر کسی روک ٹوک کے بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی گئیں"۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "آج اسرائیلی دشمن اپنی جارحیت میں دوبارہ حد پار گرگیا ہے اور ایک نئی سفاکیت کا ارتکاب کیا ہے جو اس کے سیاہ ریکارڈ میں ایک اور اضافہ ہے۔ یہ تمام انسانی اقدار کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے اور ان تمام کوششوں کو پسِ پشت ڈالنے کے مترادف ہے جو سکون اور استحکام کے لیے کی جا رہی تھیں"۔

ایوانِ صدر نے مزید کہا کہ "یہ خطرناک اشتعال انگیزی ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد کرتی ہے۔ ہم اس بات کی تاکید کرتے ہیں کہ ان جارحانہ پالیسیوں کا تسلسل مزید تناؤ اور عدم استحکام کا باعث بنے گا، جبکہ اس وقت سب کو پرامن رہنے اور وعدوں کا احترام کرنے کی اشد ضرورت ہے"۔ لبنانی ایوانِ صدر نے "اس جرم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت" کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ "عالمی برادری ان بار بار ہونے والے حملوں کو روکنے اور اس جارحانہ روش کو ختم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے جو خطے کے امن و سکیورٹی کے لیے خطرہ ہے"۔

دوسری جانب لبنانی وزیرِ صحت رکان ناصر الدین نے اعلان کیا ہے کہ لبنان کے مختلف حصوں میں وسیع پیمانے پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔ "نیشنل انفارمیشن ایجنسی" نے لبنانی وزیر کے حوالے سے بتایا کہ "اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے پورے لبنان میں سینکڑوں اموات اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں"۔

لبنانی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ "اس کی 100 ایمبولینسیں اس وقت متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور ہماری ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر رہی ہیں"۔ ادھر بیروت فائر بریگیڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بیروت میں آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں کے لیے راستہ فراہم کریں۔

اسی دوران وزیرِ اعظم نواف سلام نے لبنان کے تمام دوستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر ممکن طریقے سے اسرائیلی حملوں کو رکوانے میں مدد کریں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں اب تک کے سب سے بڑے مربوط فضائی حملوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ فوج کے مطابق محض 10 منٹ کے اندر بیروت، بقاع اور جنوب لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زائد صدر دفاتر، فوجی ٹھکانوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں