کوالالمپور میں سعودی ڈنر نائٹ: سعودی عرب اورملائیشیا میں ثقافتی تعلقات مضبوط بنا رہا
تقریب کوالالمپور انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں سعودی عرب کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کا تسلسل تھی
سعودی عرب اور ملائیشیا کے تعلقات کی گہرائی کی عکاسی کرتے ہوئے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ’’ سعودی ڈنر نائٹ ‘‘ نے دونوں ممالک کے متعدد عہدیداروں، سفارت کاروں، دانشوروں اور میڈیا پرسنز کو اکٹھا کیا۔ یہ تقریب کوالالمپور انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں سعودی عرب کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے سلسلے میں منعقدہ سرگرمیوں کا حصہ تھی۔
سعودی ثقافتی موجودگی کا فروغ
سعودی لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے اصرار کیا کہ کوالالمپور بین الاقوامی کتاب میلے میں مملکت کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی سعودی ثقافتی موجودگی کا تسلسل ہے۔ یہ شرکت ثقافتی مکالمے کو فروغ دینے اور مختلف اقوام کے درمیان رابطے کے پل بنانے کے لیے مملکت کی گہری خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ملائیشیا تعلقات باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کی ایک طویل تاریخ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ثقافتی شعبے کو وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی طرف سے ملنے والی سرپرستی کی بھی تعریف کی۔
سعودی ذائقے
اس شام میں سعودی پرفارمنس آرٹس کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ "الخطوہ"، "السامری" اور "الخبیتی" کے فنون پیش کیے گئے جنہیں حاضرین کی طرف سے شاندار پذیرائی ملی۔ مہمانوں کو مختلف قسم کے پکوانوں کے ذریعے سعودی باورچی خانے سے متعارف ہونے کا موقع بھی ملا ۔ یہ وہ کھانے تھے جو مملکت کے مختلف خطوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
اس تقریب نے ایک مکمل ثقافتی تجربہ فراہم کیا جس نے سعودی ورثے کی قیمت اور اس کے تنوع کی عکاسی کی اور ملائیشیا کے عوام کو عصری اور روایتی سعودی ثقافت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرانے میں مدد دی۔
مسلسل ثقافتی پروگرام
"سعودی ڈنر نائٹ" اس ثقافتی پروگرام کا حصہ ہے جسے لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کوالالمپور انٹرنیشنل بک فیئر 2026 کے موقع پر منعقد کر رہا ہے۔ اس پروگرام میں سیمینارز، فکری سیشنز اور فنی و ثقافتی شوز کا ایک سلسلہ شامل ہے۔ یہ نائٹ سعودی ثقافتی موجودگی کو بڑھانے اور ملائیشیا کے علاوہ بین الاقوامی ثقافتی اداروں کے ساتھ علمی شراکت داری قائم کرنے کے فریم ورک کے تحت سات جون تک جاری رہے گا۔