سعودی عرب نے جیو پولیٹیکل حالات کے باوجود فضائی ٹریفک کو مہارت سے سنبھالا: آئی اے ٹی اے
سعودی ایئر نیویگیشن سروسز کمپنی کو انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے تعریفی شیلڈ موصول
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن "آئی اے ٹی اے " نے خطے میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے جیو پولیٹیکل حالات کے دوران سعودی عرب کی جانب سے فضائی ٹریفک کے مؤثر انتظام کی تعریف کی ہے۔
اسی تناظر میں انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے اس ایوی ایشن سسٹم کی جانب سے دکھائی جانے والی اعلیٰ آپریشنل تیاری اور فضائی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی اس کی صلاحیت اور اعلیٰ ترین حفاظتی و توسیعی معیارات کے مطابق آپریشنز کے تسلسل کو سراہا ہے۔
سعودی عرب نے خطے کے ملکوں کے لیے اپنی فضائی خدمات کا دائرہ وسیع کیا۔ جنگ کی وجہ سے فضائی ٹریفک میں خلل کے بعد مختلف قومیتوں کے پھنسے ہوئے مسافروں کو خوش آمدید کہنے کے لیے مملکت کے ہوائی اڈوں پر سعودی متعلقہ حکام کی جانب سے ہنگامی ردِعمل کے منصوبوں کو فعال کرنے کے ذریعے خدمات مہیا کی گئیں۔
سعودی عرب نے خلیجی ایئرلائنز کے لیے اپنے ہوائی اڈے بھی کھولے تاکہ ان کے آپریشنل کاموں کو فروغ دیا جا سکے اور ان کے کاروبار کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے تاکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو پروازیں فراہم کی جا سکیں، اور ان لوگوں کو موقع فراہم کیا جا سکے جو محفوظ سفری حل نہ ہونے کی وجہ سے دیگر دارالحکومتوں کو واپس جانا چاہتے ہیں تاکہ مسافروں کو ان کی منزلوں سے دوبارہ جوڑا جا سکے۔ یہ سب ایسے وقت میں کیا گیا جب جب خلیج تعاون کونسل (GCC) کے ملکوں کے دارالحکومت اب بھی ایرانی معاندانہ حملوں کی زد میں ہیں۔ ایرانی حملوں میں شہری تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسی فریم ورک کے تحت سعودی ایئر نیویگیشن سروسز کمپنی کو انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے اس مدت کے دوران فضائی ٹریفک کے انتظام میں اس کی کوششوں اور فضائی ٹریفک کی بڑھتی ہوئی شرح کو جذب کرنے اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق بغیر کسی قابلِ ذکر اثرات کے آپریشنل کاموں کے تسلسل کو یقینی بنانے میں حاصل کردہ کارکردگی کے اعتراف میں ایک تشکر نامہ اور تعریفی شیلڈ موصول ہوئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے اس بات پر زور دیا کہ کمپنی کی جانب سے پیش کی جانے والی کارکردگی نے فضائی ٹریفک کے انتظام اور فضائی بہاؤ کی ازسرِ نو تنظیم میں پیشہ ورانہ مہارت کے ایک اعلیٰ درجے کی عکاسی کی اور خطے میں غیر معمولی حالات کے باوجود فضائی حدود کی لچک کو بڑھانے اور ایئر لائنز پر آپریشنل اثرات کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
سعودی ایئر نیویگیشن سروسز نے سال 2026 کے آغاز سے 15 جون تک مملکت کی فضائی حدود میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد فضائی پروازوں کا انتظام کیا ہے جبکہ 970 سے زیادہ ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور 420 انجینئرز اور ٹیکنیشنز چوبیس گھنٹے فضائی ٹریفک کی حفاظت اور روانی کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین نیویگیشن، مواصلات اور نگرانی کے نظام کی مدد سے کام کر رہے ہیں۔