نیویارک کے میئر کی اہلیہ کا لباس سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

نیویارک کے میئر زہران ممدانی کی اہلیہ راما دواجی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس وقت بحث کا مرکز بن گئیں جب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ نیویارک نکس ٹیم کی 53 برس بعد چیمپئن شپ جیتنے کی تقریبات میں شرکت کے لیے ایسے لباس میں ملبوس نظر آئیں جسے کچھ لوگوں نے "عجیب" قرار دیا ہے۔

شامی نژاد راما دواجی نے ڈیزائنر کلیئر سلیون کا تیار کردہ ایک گاؤن منتخب کیا تھا جسے نیویارک نکس ٹیم کی ’این بی اے‘ فائنل جرسیوں کو ری سائیکل کر کے مکمل طور پر تیار کیا گیا تھا۔ اس ڈیزائن کا انداز غیر روایتی تھا جس میں سفید جرسی کے ایک حصے کو اوپری حصے کے طور پر استعمال کیا گیا جو کندھے کے گرد لپٹا ہوا تھا جبکہ نیلی اور نارنجی جرسیوں کو گھیردار سکرٹ کے حصوں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

اس لباس کے نچلے حصے میں ایک سیاہ پھولی ہوئی سکرٹ شامل تھی ۔انہوں نے نارنجی رنگ کی جھولتی ہوئی چھوٹی بالیاں پہن رکھی تھیں جو ٹیم کے رنگوں اور جشن کے ماحول سے مطابقت رکھتی تھیں۔ راما دواجی کا یہ انداز سوشل میڈیا اور فیشن کے حلقوں میں وسیع بحث کا باعث بنا اور آراء دو حصوں میں تقسیم ہو گئیں۔ کچھ نے اسے تخلیقی اور جرات مندانہ مثال قرار دیا جبکہ دیگر نے اسے موقع کی مناسبت سے غیر موزوں سمجھا۔

گھریلو فیشن پروجیکٹ؟

لباس کی حمایت کرنے والوں بشمول فیشن کے نقادوں اور شوقین افراد نے اس اختراعی ڈیزائن کی تعریف کی جو ٹیم کی جرسیوں کو دوبارہ استعمال کر کے تیار کیا گیا تھا اور اسے نیویارک کی جدید روح کی عکاسی قرار دیا۔ ان کا ماننا تھا کہ کھیلوں کا اتنا بڑا جشن غیر روایتی اور تفریحی لباس کا متقاضی ہوتا ہے جو ریڈ کارپٹ کے سخت اصولوں سے ہٹ کر ہو۔

اس کے برعکس نقادوں کا خیال تھا کہ یہ لباس نیویارک سٹی ہال کے سامنے منعقدہ ایک سرکاری تقریب کے لیے ضرورت سے زیادہ غیر رسمی تھا ۔ اس میں وہ سنجیدگی نہیں تھی جو اس سطح کی شہری تقریب میں متوقع ہوتی ہے۔ بعض لوگوں نے تو اس لباس کا موازنہ گھریلو فیشن پروجیکٹ یا ٹیلی ویژن فیشن مسابقتی پروگراموں کے چیلنجوں سے کیا ہے۔

دوسری جانب میئر زہران ممدانی نے اپنے سرکاری سوٹ کے نیچے ٹیم کی ٹی شرٹ پہنی تھی جس کے اوپر کلاسیکی سفید قمیض اور نیویارک نکس ٹیم کے رنگوں سے متاثر سفید نقطوں والی نارنجی ٹائی لگائی تھی۔

یاد رہے کہ زہران ممدانی بھارتی نژاد امریکی سیاستدان ہیں جو سنہ 1991ء میں یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں پیدا ہوئے اور کیپ ٹاؤن اور نیویارک میں پلے بڑھے۔ انہوں نے سنہ 2018ء میں امریکی شہریت حاصل کی۔ انہوں نے 5 نومبر سنہ 2025ء کو نیویارک کے میئر کا عہدہ جیتا اور وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ناقدین میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی اہلیہ راما شامی نژاد فنکارہ اور ڈیزائنر ہیں جو امریکہ میں پیدا ہوئیں ۔ ڈیجیٹل آرٹ کے شعبے میں کام کرتی ہیں۔ دونوں کی ملاقات سنہ 2021ء میں ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی اور سنہ 2025ء میں نیویارک میں شادی کے بندھن میں بندھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں