مصر:سیناء میں جنگجوؤں کا مکان پر حملہ، پانچ شہری ہلاک
مصر کے شورش زدہ علاقے شمالی سیناء میں جنگجوؤں نے ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ کے نزدیک ایک مکان پر گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں پانچ افراد پر مشتمل پورا خاندان ہی ہلاک ہوگیا ہے اور ان کے نو ہمسائے زخمی ہوگئے ہیں۔
مصر کے سکیورٹی حکام کے مطابق جنگجوؤں نے شورش زدہ قصبے شیخ زوید میں ایک مکان پر منگل کی صبح یہ حملہ کیا ہے اور بظاہر ان کے حملے کا ہدف سکیورٹی چیک پوائنٹ تھا مگر گولے اس کے نزدیک واقع مکان پر جا کر گرے ہیں۔
طبی حکام نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں تین بچے شامل ہیں۔زخمیوں کوں قصبے کے دو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔
شمالی شیناء میں دولت اسلامیہ عراق وشام (داعش) سے وابستہ جنگجو گروپ صوبہ سیناء بروئے کار ہے اور وہ جولائی 2013ء کے بعد سے اس علاقے میں مصری سکیورٹی فورسز پر بیسیوں حملوں کی ذمے داری قبول کر چکا ہے ۔ان حملوں میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔