خامنہ ای کے نمائندے کا عراقی ملیشیاؤں کی حمایت کا وعدہ
ایرانی مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ محمود ہاشمی شاہ رودی کا کہنا ہے کہ ایران اُن تمام ملیشیاؤں کی حمایت کرتا ہے جو اُس کے نزدیک "اسلامی مزاحمتی تحریکیں" ہیں۔ شاہ رودی نے یہ بات اپنے ہمراہ وفد کے ساتھ عراقی صوبے صلاح الدین میں "النجباء" ملیشیا کے صدر دفتر کے دورے کے دوران کہی۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی "تسنیم" کے مطابق شاہ رودی نے صوبے میں النجباء ملیشیا کے عسکری بیورو کے سربراہ ابو حسن البلداوی سے ملاقات کے دوران باور کرایا کہ ایران گزشتہ 4 برسوں سے شام میں ایرانی پاسداران انقلاب کے احکامات کے تحت لڑنے والی ملیشیا النجباء تحریک کے لیے معاون موقف رکھتا ہے۔ شاہ رودی نے کہا کہ " میں اس تحریک کے قیام کی نگرانی کرنے والوں میں سے تھا"۔
النجباء تحریک کا کہنا ہے کہ وہ نظریاتی طور پر تہران میں ولایت فقیہ کی پیروکار ہے اور خطے کے ممالک کی قومی سرحدوں کو تسلیم نہیں کرتی اور ساتھ ہی ایرانی توسیع کے ایجنڈے پر عمل درامد پر کاربند ہے۔
ایرانی ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ علی خامنہ ای نے شاہ رودی سے عراق کے دورے کا مطالبہ کیا تھا تا کہ وہاں شیعہ جماعتوں کے درمیان باہمی اختلافات میں اضافے کے بعد انہیں پھر سے متحدہ کیا جا سکے۔ اس کا مقصد آئندہ پارلیمانی انتخابات میں ایک اتحاد کے تحت حصہ لینے کی تیاری کرنا ہے۔