احتجاج میں شریک سوڈانی خاتون نے سوشل میڈیا کو گرما دیا
خرطوم میں فوج کی جنرل کمان کے ہیڈ کوارٹر کے اطراف دھرنا دینے والوں کے درمیان موجود ایک سوڈانی خاتون نے گزشتہ دو روز کے دوران سوشل میڈیا کو بھڑکا کر رکھ دیا۔
فیس بک اور ٹویٹر پر اس نامعلوم خاتون کی تصاویر اور وڈیوز وسیع پیمانے پر پھیل چکی ہیں۔ اس دوران وہ یہ گاتی ہوئی نظر آ رہی ہے کہ "میری قوم انقلاب چاہتی ہے"۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ خاتون کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد بعض سوڈانی حلقوں نے بتایا کہ خاتون کا نام آلاء صلاح ہے۔
لبنانی فن کار مارسیل خلیفہ نے بھی اپنے فیس بک پیج پر آلاء کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
حبوبتي كنداكة ♥️ pic.twitter.com/0SJbpVXJV4
— Sammy (@alllthingssam) April 8, 2019
یاد رہے کہ احتجاج کرنے والوں نے ہفتے کے روز سے سوڈانی وزارت دفاع کی عمارت کے اطراف دھرنا دے رکھا ہے۔ اس دوران سوڈانی فوج نے کئی مرتبہ پر امن طریقے سے دھرنا ختم کرانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکی۔ فوج نے منگل کے روز دھرنے کے شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے ہوئی فائرنگ بھی کی تھی۔
سوڈانی فوج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد خلیفہ الشامی نے منگل کی شام بتایا کہ وزارت دفاع کے سامنے جاری دھرنے کو قانون کے مطابق ختم کرانے کے لیے ہدایات جاری ہو چکی ہیں۔ ترجمان کے مطابق احتجاجی مظاہرے امن عامہ کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔
اس سے قبل سوڈانی پولیس کی کمان نے عوام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی صفوں میں یک جہتی پیدا کریں تا کہ "اقتدار کی پر امن منتقلی کو یقینی بنانے والی موافقت سامنے آ سکے"۔