سعودی عرب عالمی منڈی میں تیل کی کمی پوری کرنے کی پوری کوشش کرے گا: الفالح
سعودی عرب کے وزیر توانائی وپٹرولیم انجینیرخالدالفالح نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی حکومت کی طرف سے ایرانی تیل سے متعلق بیان کےبعد عالمی منڈی پرگہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ ایرانی تیل پرعایدکی جانے والی پابندیوں کےنفاذکے بعد سعودی عرب عالمی منڈی میں تیل کی کمی پوری کرنے کی پوری کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب صارفین کوتیل کی سپلائی جاری رکھنے کی ضمانت دے گا اور عالمی منڈی میں عدم توازن پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
سعودی وزیرنے مزیدکہاکہ ان کا ملک آنے والے چند ہفتوں کے دوران تیل پیدا کرنے اور استعمال کرنے والے ممالک کے ساتھ مشاورت کرے گا تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی اورقیمتوں کو مستحکم رکھا جاسکے۔
انہوںنے کہاکہ الریاض تیل پیدا کرنےوالے دوسرے بڑے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہم سب ملک کر عالمی منڈی میں تیل کی کمی پوری کرنےکی ہرممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب طویل عرصے سے عالمی منڈی میں توازن پیداکرنے کے لیے کوشاں رہا ہے۔