لبنان کے شمال میں واقع ضلع عکار کے علاقے قوبیات میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے اورمحکمہ شہری دفاع کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کے شعلے گھروں کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
لبنان کی سرکاری خبررساں ایجنسی (این این اے) کے مطابق شہری دفاعی مراکز کے عملہ کو آگ بجھانے میں مدد کے لیے قوبیہ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پانی کے ٹینکروں کو متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔
#Lebanon : Major fire near houses in village in Akkar region in north #عكار pic.twitter.com/hqUXIKSzr3
— sebastian usher (@sebusher) July 28, 2021
لبنان کی انجمن ہلال احمرکی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور وہ آتش زدگی سے متاثرہ مریضوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کررہی ہیں اور آتش زدگی سے متاثرہ آبادیوں سے خاندانوں اور بوڑھوں کو نکال رہی ہیں۔
لبنان کے صدر میشیل عون نے آرمی کمان اور شہری دفاع کوضلع عکار میں واقع دیہات قوبیات اور بینو میں لگی ہوئی آگ بجھانے اور اس کو گھروں تک پھیلنے سے روکنے کے لیے عوام کی مدد کی ہدایت کی ہے۔
صدر نے لبنانی حکام کو پڑوسی ملک قبرص سے بھی آگ بجھانے میں مدد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس کومزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
لبنانی فوج نے قوبیہ کی مرکزی شاہراہ پر آگ لگنے سے اپنی کاروں میں پھنس کررہ جانے والے متعدد شہریوں کو نکال لیا ہے۔لبنانی پارلیمان کے رکن وہبی قتیشا کا کہنا ہے کہ آگ قریب واقع جنگلات تک پھیل گئی ہے۔انھوں نے سیکورٹی فورسز اور سول ڈیفنس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاریخی جنگلات میں جائیں تاکہ انھیں آگ سے بچایا جا سکے۔
دریں اثناء لبنان کی قومی ایجنسی نے عکارمیں واقع گاؤں کفتون میں آگ بجھانے کی امدادی سرگرمیوں میں شریک رضاکاروں میں سے ایک کی موت کا اعلان کیا ہے اور اس پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔