سعودی عرب میں ماحول، پانی اور زراعت کی وزارت نے ایک بار پھر خشک کنوؤں کے قریب جانے کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ وزارت نے باور کرایا ہے کہ وہ خشک ہو جانے والے کنوؤں کی صورت حال کی درستی کی اہمیت سمجھتی ہے اور راہ گیروں کے لیے اس خطرے کو روکنے کے اقدامات کر رہی ہے۔
مذکورہ وزارت کے سرکاری ترجمان صالح بن دخیل نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت نے مختلف علاقوں میں اب تک 2450 کنوؤں کو بھرا جا چکا ہے۔ ہر علاقے میں ایک کمیٹی ہے جو خشک کنوؤں کا شمار کر کے مطلوبہ اقدامات کا تعین کر رہی ہے تا کہ راستہ چلنے والوں اور تفریح کی غرض سے آنے والوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دخیل نے واضح کیا کہ مملکت میں خشک کنوؤں کو محفوظ بنانے اور ان کو بھرنے کے منصوبے کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ اس وقت دوسرے مرحلے کے آغاز کے لیے رابطہ کاری انجام دی جا رہی ہے۔ منصوبے میں 5 ہزار سے زیادہ خشک کنوؤں کی بھرائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے کسی بھی علاقے میں خشک کنوئیں کے بارے میں اطلاع مذکورہ وزارت کو دینے کے لیے ایک ویب سائٹ لنکhttps://bit.ly/3gIBSQt اور ایک فون نمبر (939) کا اعلان کیا گیا ہے۔