غزہ میں العودہ ہسپتال فوجی چھاؤنی میں تبدیل،قابض فوج نےسیکڑوں افراد حراست میں لے لیے
اڑھائی ماہ پیشتر غزہ میں اسرائیلی فوج اور مسلح فلسطینی دھڑوں کے درمیان چھڑنے والی خوفناک جنگ آج منگل کو بھی جاری ہے۔ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے شمال اور جنوب میں ہر طرف بمباری کررہی ہے جس میں مزید دسیوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
تازہ ترین پیش رفت میں غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے منگل کے روز بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کی پٹی میں العودہ ہسپتال کے اندر سے 240 افراد کو حراست میں لیا، جن میں طبی عملے کے افراد، مریض اور بے گھر افراد شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے ہسپتال کو فوجی بیرک میں تبدیل کر دیا اور ہسپتال کے ڈائریکٹر سمیت چھ طبی اہلکاروں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
الجيش الإسرائيلي يعلن عن مقتل ضابطين في معارك بقطاع #غزة ليرتفع عدد قتلاه إلى 131 منذ بدء العملية البرية#العربية pic.twitter.com/rpeeNz9cCv
— العربية (@AlArabiya) December 19, 2023
اشرف القدرہ نے بتایا کہ ہسپتال سےحراست میں لیے گئے افراد میں طبی عملے کے 80 افراد، 40 مریض اور 120 بے گھر افراد شامل ہیں۔ قابض فوج نے انہیں پانی، خوراک یا دوا کے بغیر حراست میں لیا گیا ہے۔
فلسطینی میڈیا نے آج اطلاع دی تھی کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں مشرقی رفح میں کئی گھروں پر اسرائیلی بمباری سے مرنے والوں کی تعداد کم از کم 29 ہو گئی ہے۔ فلسطین ٹی وی نے اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر مزید کہا کہ مرنے والوں میں ایک صحافی بھی شامل ہے۔
اشتباكات عنيفة بين الفصائل الفلسطينية والجيش الإسرائيلي في خان يونس وجباليا.. ومراسل العربية: استهداف منازل سكنية برفح#العربية #غزة pic.twitter.com/rHwvOgokdz
— العربية (@AlArabiya) December 19, 2023
فلسطینی ٹی وی نے بتایا کہ جبالیہ کیمپ کے ایک رہائشی چوک پر اسرائیلی بمباری میں درجنوں افراد مارے گئے۔ اسی دوران وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ جبالیہ میڈیکل سنٹر سے ملحقہ مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے دو صحافی زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ جبالیہ پر فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید اور 40 زخمی ہوئے۔
درایں اثناء اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں شمالی غزہ میں دو فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے رپورٹ کیا کہ فوج نے غزہ کی پٹی میں جاری لڑائیوں میں اپنے 7 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے، جس سے غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کی ہلاکتوں کی تعداد 129 ہو گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شمالی غزہ کی پٹی کے ایک ہسپتال جس پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا تھا کو غیر فعال کردیا گیا ہے۔ اس میں زخمی، بیمار اور عام شہری موجود ہیں جن کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
غزہ میں حکام نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان ہسپتال کے احاطے کو تباہ کرنے کے لیے بلڈوزر کا استعمال کیا، جس سے بے گھر افراد کو وہاں سے زبردستی نکال دیا گیا۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ ہسپتال حماس کے جنگجو استعمال کر رہے تھے۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ وہ فوری طور پر ہسپتال کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔
جنگ کی وجہ سے غزہ کے بیشتر ہسپتالوں نے کام کرنا چھوڑ دیا اور شمالی غزہ میں صحت کی خدمات سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔