حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی فوجی ڈویژن کے ہیڈ کوارٹرز پر 60 راکٹوں سے بمباری کی ہے۔
یہ راکٹ باری مشرقی لبنان میں کئے جانے والے اسرائیلی حملوں کا جواب تھا۔ اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے دو افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
پارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے بعلبک شہر کے آس پاس کے علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں نفح میں گولان ڈویژن کے ہیڈ کوارٹرز کو 60 کاتیوشا راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے حزب اللہ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور حملوں میں چار افراد مارے گئے۔ حزب اللہ نے دو افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی تھی۔
حزب اللہ کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے ضلع طائر کے المجادل قصبے میں ایک کار کو نشانہ بنایا۔ دیگر لبنانی میڈیا نے ایک ویڈیو کلپ شائع کیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کار جل گئی ہے۔
اسرائیل اور لبنان کے درمان سرحد پر چار ماہ سے زیادہ عرصے سے کشیدگی جاری ہے۔ کشیدگی نے سرحد کے دونوں اطراف دسیوں ہزار باشندوں کو اپنے گھر خالی کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ لبنان میں 89,000 سے زیادہ لوگ اپنے قصبوں سے بے گھر ہو گئے اور 280 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ان میں 193 حزب اللہ کے جنگجو بھی شامل ہیں۔ اسرائیل میں فوج نے دس فوجیوں اور نو شہریوں کی ہلاکتوں کی گنتی کی۔