'شدید بمباری' کے باعث غزہ میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم رک گئی: عالمی ادارۂ صحت
مہم کو انسانی وقفوں کی مدد سے سہولت فراہم کی جائے: عالمی ادارے کا مطالبہ
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ شمال میں "شدید بمباری" اور "بڑھتے ہوئے تشدد" کی وجہ سے وہ بدھ کو غزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم کے آخری مرحلے کو ملتوی کرنے پر مجبور ہو گیا۔
بدھ کو غزہ کی پٹی کے شمال میں ویکسینیشن کا دوسرا دور شروع ہونا تھا جو محصور فلسطینی سرزمین کے وسطی اور جنوبی حصوں میں پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔
لیکن ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ وہ شمالی غزہ میں 119,279 بچوں کو ویکسین پلانے کی مہم "ملتوی کرنے پر مجبور" ہو گیا۔
حماس کو علاقے میں دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل نے اس ماہ شمالی غزہ میں ایک بڑا فضائی اور زمینی حملہ شروع کیا۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا، "بڑھتے ہوئے تشدد، شدید بمباری، بڑے پیمانے پر نقلِ مکانی کے احکامات اور شمالی غزہ کے بیشتر حصے میں یقینی انسانی تؤقف نہ ہونے کی وجہ سے" مہم روک دی گئی تھی۔
ادارے نے مزید کہا، "موجودہ حالات بشمول شہری ڈھانچے پر جاری حملے شمالی غزہ میں لوگوں کی حفاظت اور نقل و حرکت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں جس سے خاندانوں کا اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے لانا" اور صحت کے کارکنوں کے لیے کام کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔
دوسری خوراک کی ضرورت
غزہ کی پٹی میں 25 سالوں میں پولیو کے پہلے کیس کی تصدیق کے بعد ویکسینیشن مہم شروع ہوئی۔
جنگ نے بیشتر طبی سہولیات اور غزہ کا سیوریج سسٹم تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔
اکثر سیوریج اور آلودہ پانی سے پھیلنے والا پولیو وائرس انتہائی متعدی ہوتا ہے۔
گذشتہ ماہ کے ابتدائی مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا جسے "انسانی ہمدردی کے وقفوں" سے مدد ملی: پہلا وسطی غزہ میں، پھر جنوب میں اور آخر میں شمال جہاں تک پہنچنا مشکل ترین ہے۔
ہر مرحلے میں تین روزہ مہم طے کی گئی اور اس کے ساتھ نگرانی اور رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کے لیے ایک اضافی دن۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے زبانی ویکسین کی کم از کم دو خوراکوں کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے کسی کمیونٹی میں 10 سال سے کم عمر کے تمام بچوں میں سے 90 فیصد کو ویکسین دینا ضروری ہوتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے کہا، "پولیو کے پھیلاؤ کو جلد از جلد روکنا ضروری ہے، اس سے پہلے کہ زیادہ بچے مفلوج ہو جائیں اور پولیو وائرس مزید پھیل جائے۔ اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ شمالی غزہ میں ویکسینیشن مہم کو انسانی وقفوں کی مدد سے سہولت فراہم کی جائے اور جہاں بھی اہل بچے موجود ہوں، ان تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔"
-
بلنکن کا دورۂ اسرائیل: غزہ جنگ ختم کرنے کا 'یہی وقت ہے'
اسرائیل پر سنوار کی ہلاکت سے استفادہ کرنے اور فلسطینی علاقوں میں امداد میں اضافے ...
مشرق وسطی -
امریکی اور عرب وزرائے خارجہ لندن میں غزہ، لبنان پر ملاقات کریں گے
سنوار کی ہلاکت کے بعد بلنکن کا غزہ جنگ بندی پر زیادہ زور
مشرق وسطی -
غزہ جنگ میں فلسطینی اموات 42,792 ہو گئیں: وزارتِ صحت
زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز
مشرق وسطی