لبنان پر نئے اسرائیلی حملے، تل ابیب حزب اللہ کے میزائلوں کا نشانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان منگل کو کشیدگی کا ایک نیا دن سامنے آگیا۔ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے اور جنوبی لبنان کے شہر صور پر نئے اسرائیلی حملے کیے گئے۔

اسی وقت منگل کے روز وسطی اور شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے کیونکہ اسرائیلی فوج کی اطلاع کے مطابق لبنان سے اسرائیل کی سرزمین میں داخل ہونے والے تقریباً 40 میزائلوں کو دیکھا گیا۔ ایمبولینس سروسز نے تصدیق کی کہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’بالائی الجلیل، مغربی الجلیل اور وسطی الجلیل کے علاقوں میں تقریباً 25 ایسے میزائلوں کا پتہ چلا جو لبنان سے اسرائیل کی طرف داغے گئے تھے۔کچھ گولوں کو روک لیا گیا اور کچھ مختلف علاقوں میں گر گئے۔

اس سے قبل بھی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ لبنان سے 10 پروجیکٹائل اسرائیلی سرزمین سے گزرے۔ کچھ کو روک لیا گیا اور باقی کھلے علاقوں میں گرے تھے۔ ان میزائلوں کے باعث وسطی اسرائیل کے ڈین، شیرون اور مناشے کے علاقے میں سائرن بجنے کے بعد 5 راکٹوں کے اسرائیل میں داخل ہونے کا پتہ چلا۔

اس سے پہلے العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے اطلاع دی تھی کہ وسطی اسرائیل میں شمالی تل ابیب پر میزائل داغے گئے ۔ تل ابیب کے شمال میں واقع شیرون کے علاقے میں دھماکوں کی آواز کے ساتھ ساتھ سائرن بھی سنائی دے رہے ہیں۔ بالائی الجلیل میں میرون اڈے کو کئی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس سے قبل ایک اسرائیلی حملے نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے کو صبح سویرے نشانہ بنایا تھا۔ لبنان کی نیشنل ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ایک ڈرون نے آج منگل کی صبح الشیاہ کے علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت پر حملہ کیا اور اسے تباہ کر دیا۔ اس حملے میں کچھ افراد درمیانے درجے کے زخمی ہوئے۔ جس سے قبل اسرائیلی انخلاء کی وارننگ نہیں دی گئی تھی۔

یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب لبنان میں حزب اللہ گروپ سے وابستہ میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ پارٹی کے ارکان نے سرحدی علاقے کی فضائی حدود میں ایک اسرائیلی ڈرون کو تباہ کیا ہے۔

پیر کی شام لبنان کے دارالحکومت بیروت کے وسط میں ایک پرہجوم علاقے میں واقع ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

واضح رہے حزب اللہ دردناک اسرائیلی حملوں کے باوجود اسرائیل پر روزانہ میزائل حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیلی فوج نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے لبنان سے شمالی اسرائیل کی طرف داغے گئے تقریباً 100 پروجیکٹائل کا پتہ لگایا ہے۔اسرائیلی فائر سروس نے اعلان کیا کہ پیر کے روز شمالی اسرائیل کے شہر ’’شفا عمر‘‘ میں میزائل گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔

یاد رہے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ 23 ستمبر 2024 سے اسرائیل نے لبنان پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ ادھر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے تاریخی قتل عام جاری رکھا ہوا ہے۔ پیر کے روز غزہ کے حکام نے بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 43922 ہوگئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں