ریاض کے جوائے ایوارڈز: کرسٹینا ایگیلیرا، مائیکل بوبلہ نے فن کا مظاہرہ کیا
عرب دنیا کے معروف فنکاروں اور ان کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین
سالانہ جوائے ایوارڈز میں ہفتے کی شب ریاض کے کنگڈم ایرینا میں ستاروں سے مرصع ایک محفل میں عرب ٹیلنٹ کو ایوارڈز سے نوازا گیا جس میں مختلف فنکاروں کی پرفارمنس نے مہمانوں کو محظوظ کیا۔
ایوارڈ شو کا آغاز کرسٹینا ایگیلیرا کے ایک کنسرٹ سے ہوا جنہوں نے "دی وائس ودِن" اور اپنا ہٹ گانا "جینی اِن آ بوٹل" پیش کیا۔
موسیقی کی معروف شخصیات محمد عبدہ اور آندرے بوسیلی نے خلیجی اور اطالوی آوازوں کو ملا کر ایک ساتھ پرفارم کیا۔
مورگن فری مین، اماندا سے فرائیڈ اور میتھیو میکانہی ان بین الاقوامی اور مقامی مشہور شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے ہفتے کے روز تقریب کے مشہور لیوینڈر قالین پر اپنے شاندار ملبوسات کی نمائش کی۔
مملکت کے اولین دورے کو خراج تحسین کے طور پر امریکی اداکارہ کیٹ سیگل نے سعودی برانڈ عبادیہ کا تیار کردہ موتی جیسے سفید اور سیاہ رنگ کا لباس پہن کر تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا،
"میں نے یہ اس لیے منتخب کیا کیونکہ میں سعودی عرب کے ڈیزائنرز اور فیشن کی نمائندگی کرنا چاہتی تھی خاص طور پر یہاں ریاض میں جو سعودی فیشن کے لیے آئندہ ایک معروف مقام بننے والا ہے۔"
لبنانی اداکارہ نوال کامل لبنانی فیشن ڈیزائنر جوئل نیمنم کے ڈیزائن کردہ ایک سیاہ اور سفید مرصع گاؤن میں ملبوس تھیں۔
انہوں نے کہا۔ "میں یقین نہیں کر سکتی کہ یہاں ہوں۔ میں (سعودی) لوگوں سے قریب سے مل کر بہت پُرجوش ہوں۔ میں لبنان کے کئی لوگوں کو جانتی ہوں لیکن یہاں آنا اور مقامی لوگوں کو دیکھنا حیرت انگیز ہے جو بہت مختلف اور ناقابلِ یقین ہیں۔ وہ (سعودی) بہت مہربان اور خوش آئند ہیں - وہ واقعی آپ کو بہت خوشی دیتے اور آپ کا خیال رکھتے ہیں۔ میں یہاں آنے اور جوائے ایوارڈز میں شرکت کرنے پر بہت شکر گذار ہوں۔"
کنگڈم ایرینا میں منعقدہ جوائے ایوارڈز سعودی عرب کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس میں عرب دنیا کے معروف فنکاروں اور ان کی کامیابیوں کو تسلیم کیا اور انہیں اعزاز دیا جاتا ہے۔ یہ ایونٹ ریاض سیزن کا حصہ ہے اور اس کا اہتمام ایم بی سی گروپ کے اشتراک سے ہوا ہے۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی شروع کردہ ایپ کے ذریعے عوامی ووٹنگ کی بنیاد پر فاتحین کا انتخاب کیا گیا تھا۔ اس فہرست میں مختلف کیٹیگریز شامل تھیں۔ نامزد افراد کا انتخاب خصوصی کمیٹیوں نے ان کی گذشتہ سال کے کام اور کامیابیوں کی بنیاد پر کیا تھا۔