کویت میں فوج کے جنرل اسٹاف کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فوجی مشق کے دوران میں اس کے دو اہل کار فوت ہو گئے۔ بری فوج سے تعلق رکھنے والے دونوں فوجیوں کا نام سارجنٹ احمد فرحان اور سارجنٹ مساعد ضاحی صالح ہے۔ ان کے علاوہ دو فوجی کارپورل انور رضوان اور کارپورل مطلق مبارک زخمی ہو گئے۔
مذکورہ فوجی اس وقت جاں بحق اور زخمی ہوئے جب وہ "ملاحظ الصحراء 4" فوجی مشق کے آخری مرحلے میں رات کے وقت شوٹنگ میں حصہ لے رہے تھے۔
واقعے کے بعد متعلقہ خصوصی ٹیموں نے تفصیلات اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دیں۔
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق اس مشق کا مقصد کویتی اور امریکی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی تعاون کو بڑھانا ہے۔ ادھر خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے واقعے پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح، حکومت اور عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔