غزہ امداد کا منتظر ... چند دنوں کے دوران صرف 123 ٹرک داخل ہو سکے !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

العربیہ کے نمائندے کے مطابق آج منگل کی صبح سے غزہ کی پٹی کے شمال، مشرق اور جنوب میں اسرائیلی بم باری جاری ہے۔ امداد کی شدید صورت حال کو مزید خراب کر رہی ہے، اور پچھلے چند دنوں میں صرف 123 ٹرک ہی غزہ میں داخل ہو سکے ہیں۔ ان میں سے کچھ ٹرکوں کو نامعلوم افراد نے لوٹ لیا۔

اسی دوران عالمی تنظیم برائے ہجرت IOM نے اعلان کیا ہے کہ 15 سے 25 مئی کے درمیان غزہ میں ایک لاکھ اسی ہزار سے زیادہ افراد جبراً بے گھر ہو چکے ہیں۔ یہ اسرائیلی فوج کی طرف سے شمالی اور جنوبی غزہ کے وسیع علاقوں سے انخلاء کے احکامات کا نتیجہ ہے۔

·        بیت لاہیا میں فلسطینیوں کو کھانا مل رہا ہے (روئٹرز
· بیت لاہیا میں فلسطینیوں کو کھانا مل رہا ہے (روئٹرز

پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی "انروا" نے بتایا ہے کہ غزہ کو روزانہ کم از کم 600 امدادی ٹرکوں کی ضرورت ہے۔ اس نے پہلے بھی واضح کیا تھا کہ "غزہ میں امداد کا مستقل اور مؤثر بہاؤ ہی تباہ کن صورت حال کو مزید بگڑنے سے روکنے کا واحد راستہ ہے"۔

عالمی ادارہ صحت نے بھی گزشتہ روز پیر کو بتایا تھا کہ غزہ میں طبی نظام شدید بحران سے دوچار ہے، اور وہاں طبی ساز و سامان اور درد کش ادویات کی 42 فی صد کمی ہے۔ ادارے نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 51 سے زائد طبی امدادی ٹرک کرم ابو سالم کراسنگ پر اسرائیلی منظوری کے انتظار میں کھڑے ہیں، جن میں وریدی سیال، سرنجیں اور پٹیاں شامل ہیں، اور ان اشیاء کی قلت کی وجہ سے سرجری کی کارروائیاں رُکی ہوئی ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اسرائیل نے گزشتہ پیر کو اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ میں تقریباً 100 ٹرکوں کو داخلے کی اجازت دے گا۔ اعلان بین الاقوامی تنقید اور اقوام متحدہ کی جانب سے جاری خبروں کے بعد سامنے آیا تھا، جن میں غزہ کی انسانی صورت حال کے بگاڑ اور بھوک کے بڑھنے کے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

اسرائیل کی جانب سے جاری تقریبا تین ماہ کے محاصرے میں غزہ کے تباہ حال شہریوں کو کسی قسم کی امداد نہیں پہنچنے دی گئی۔ مارچ میں حماس کے ساتھ فائر بندی کے نازک معاہدے کے ٹوٹنے کے بعد اسرائیلی افواج نے دوبارہ بم باری شروع کر دی اور مکمل محاصرہ عائد کرتے ہوئے ایک فوجی منصوبہ کے تحت غزہ کے وسیع علاقوں پر قبضے اور شہریوں کو جنوب کی جانب دھکیلنے کا عمل شروع کر دیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں