یمن میں انسانی المیہ ... خوف ناک ٹریفک حادثے میں 30 مسافر جاں بحق

یہ حالیہ برسوں کے دوران ملک میں پیش آنے والے سنگین ترین ٹریفک حادثات میں سے ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یمن کے جنوبی صوبے ابین میں آج بدھ کے روز ایک ہول ناک ٹریفک حادثے میں 30 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ العرقوب شاہ راہ پر اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس اور “فوکسی” برانڈ کی ایک گاڑی میں تصادم ہوا۔ اس کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ مکمل طور پر جل گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ بس سعودی عرب کے شہر جدہ سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں سوار 42 مسافر یمن جا رہے تھے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد صرف پانچ مسافر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو سکے۔ انھوں نے بس کی کھڑکیاں توڑ کر شعلوں کے درمیان سے چھلانگ لگا دی۔ تاہم درجنوں افراد مرکزی دروازہ بند ہونے کے باعث باہر نہ نکل سکے اور جلتی ہوئی بس کے اندر پھنس گئے۔

حادثے سے کچھ دیر پہلے سات مسافر شبوہ صوبے میں اتر گئے تھے، جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 30 بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو جنوبی یمن کے شہر عدن کے الجمهوریہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ حادثہ حالیہ برسوں میں یمن میں پیش آنے والے سب سے خوف ناک ٹریفک حادثات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور ٹریفک سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے مطالبات دوبارہ زور پکڑ گئے ہیں۔

یمن میں نقل و حمل کے امور کی سرکاری اتھارٹی نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا شکار بس باقاعدہ لائسنس یافتہ تھی۔ یہ سعودی عرب سے روانگی سے قبل تمام حفاظتی اور فنی تقاضے پورے کر چکی تھی۔

اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کرنے اور زخمیوں کی عیادت و دیکھ بھال کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

مزید کہا گیا کہ اتھارٹی حادثے کی وجوہات اور حالات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے تاکہ اصل اسباب کا تعین کیا جا سکے۔

اتھارٹی نے تمام ڈرائیوروں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں اور سفر کے دوران احتیاط برتیں تاکہ آئندہ ایسے افسوس ناک سانحات سے بچا جا سکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں