"سِکس فلیگز" ... سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا امیوزمنٹ پارک
پارک میں تقریبا 28 رائیڈز اور مختلف تجربات شامل ہوں گے
سعودی عرب میں 'القدیہ انویسٹمنٹ کمپنی' نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پہلے تفریحی مقام "سِکس فلیگ قدیّہ سِٹی" ( (Six Flags Qiddiya Cityکو رواں سال 31 دسمبر کو کھول دے گی۔ یہ بر اعظم شمالی امریکہ کے باہر اس نوعیت کا پہلا تفریحی پارک ہو گا۔ پارک میں 28 رائیڈز اور تفریحی تجربات شامل ہوں گے۔
قِدیہ شہر ریاض سے 40 منٹ کی دوری پر پہاڑوں کے بیچ واقع ہے۔ یہ دنیا کا پہلا ایسا عالمی مرکز ہے جو مکمل طور پر ’’کھیل کی طاقت‘‘ کے تصور پر بنایا گیا ہے۔ شہر میں تفریح، کھیل اور ثقافت کو یکجا کیا گیا ہے تاکہ غیر معمولی عالمی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
پارک میں بالغ افراد کا ٹکٹ 325 سعودی ریال سے شروع ہو گا جبکہ بچوں کے لیے 275 سعودی ریال سے۔ چار سال سے کم عمر بچوں کے لیے داخلہ مفت ہے۔ آنے والے افرادGoFast ٹکٹ کے ذریعے اپنے تجربے کو بہتر بنا سکتے ہیں، جو تمام رائیڈز میں ترجیحی رسائی اور انتظار کے وقت میں فراہم کرے گا۔ معذوروں، بزرگ شہریوں اور ان کے معاونین کے لیے خصوصی رعایتی ٹکٹ دستیاب ہے، جس کی قیمت 75 سعودی ریال سے شروع ہوتی ہے۔
پارک میں 28 رائیڈز اور کھیل شامل ہوں گے، جن میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والی تفریحی جھولے بھی شامل ہیں مثلا : فیلکن فلائٹ جو دنیا کی سب سے تیز، طویل اور بلند رولر کوسٹر ہے، ریٹلر جو دنیا کی سب سے بلند جھکی ہوئی رولر کوسٹر ہے اور سبٹفائر جو دنیا کی بلند ترین سسپینڈڈ رولر کوسٹر ہے۔
اس کے علاوہ پارک میں 18 خاندان اور بچوں کے لیے خصوصی رائیڈز بھی ہیں تاکہ ہر عمر کے لیے مکمل تفریحی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ پارک آنے والے یہاں عالمی معیار کے ریستوران اور چھ چھ عالمی تھیمز کے اندر متعدد دکانوں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
پارک کے سربراہ برائن میکامر نے کہا "31 دسمبر 2025 سعودی عرب میں تفریح کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ’سِکس فلیگز القدیہ‘ کا افتتاح صرف دروازے کھولنے کا موقع نہیں بلکہ یہ القدیہ کے تصور، خیال اور ناقابل فراموش تجربات کی شروعات ہے اور عالمی تفریح کا نیا معیار قائم کرے گا۔"