مصری صدر عبد الفتاح السیسی نے آج قاہرہ کے صدارتی محل 'الاتحادیہ' میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور تازہ ترین علاقائی و بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
العربیہ کے نمائندے ہانی الصفیان کے مطابق ملاقات کے آغاز میں سعودی وزیر خارجہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے صدر السیسی اور مصری عوام کے لیے تہنیتی پیغامات پہنچائے۔ اس موقع پر مصری صدر نے بھی شاہ سلمان اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
اس حوالے سے مصری ایوان صدر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قاہرہ اور ریاض نے سوڈان، یمن اور صومالیہ کی خود مختاری اور وحدت کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان میں اس بات کی بھی نشان دہی کی گئی کہ ریاستوں کی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے حوالے سے مصر اور سعودی عرب کے موقف میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
مصری ایوان صدر کے بیان کے مطابق، صدر عبد الفتاح السیسی نے شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے دوران یمن کے جنوبی دھڑوں کے درمیان مذاکرات کے لیے کانفرنس کی میزبانی پر سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔
گذشتہ روز سعودی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ شہزادہ فیصل بن فرحان مصری صدر اور وزیر خارجہ بدر عبد العاطی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، ان کی مضبوطی کے طریقوں اور خطے کی تازہ ترین صورت حال پر بات چیت کریں گے۔
اسی تناظر میں سعودی اور مصری وزرائے خارجہ کے درمیان قاہرہ میں ایک دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق دونوں وزراء نے علاقائی مسائل، سیاسی و سکیورٹی صورت حال اور استحکام کے حصول کے لیے دونوں ممالک کی مسلسل کوششوں پر غور کیا۔
بدر عبد العاطی اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطے کی موجودہ صورت حال، امن و استحکام کے حصول کے راستوں اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
-
سعودی ولی عہد اور ترک صدر کا علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلۂ خیال
انقرہ نے یمنی فریقین کے درمیان اختلافات کم کرنے اور خیالات میں ہم آہنگی پیدا کرنے ...
مشرق وسطی -
حضرموت میں سعودی عرب سے انسانی امداد پہنچنا شروع ہو گئی: اتحادی افواج
عرب اتحادی افواج کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے انکشاف کیا ہے کہ کنگ ...
مشرق وسطی -
سعودی عرب نے غزہ کے لیے انسانی امداد کے راستے تیز کر دیے ہیں
سعودی فرماں روا اور ولی عہد کا تیز رفتار، وسیع تر رسائی کا حکم
مشرق وسطی