ترکیہ نے ایک بار پھر ایرانی میزائل گرانے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی یہ خبردار بھی کیا ہے کہ وہ ملک کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ واضح رہے کہ 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی جنگ شروع ہونے کے بعد یہ ترکیہ کی جانب سے گرایا جانے والا دوسرا ایرانی میزائل ہے۔
ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے آج پیر کو ایک بیان میں واضح کیا کہ نیٹو (NATO) کے دفاعی نظام نے بحیرہ روم کے مشرقی حصے میں ایران سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا ہے۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ میزائل کا کچھ ملبہ ملک کے جنوب مشرق میں واقع صوبے غازی عنتاب میں گرا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مزید برآں وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش خطرات کے خلاف ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔
ادھر ترکیہ کی صدارت نے "تمام فریقوں بالخصوص ایران کو ایسی کسی بھی کارروائی سے خبردار کیا ہے جو سکیورٹی اور عام شہریوں کے لیے خطرہ بنے"۔
وزارتِ دفاع نے اس سے قبل آج یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اس نے ایران میں جاری جنگ کے تناظر میں وہاں موجود ترکوں کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے شمالی قبرص میں 6 ایف-16 لڑاکا طیارے اور فضائی دفاعی نظام تعینات کر دیے ہیں۔ وزارت نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر اضافی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب گذشتہ چند دنوں کے دوران یورپی طاقتوں نے اس نسلی طور پر منقسم جزیرے میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کیا ہے۔ یہ اقدام گذشتہ ہفتے قبرص میں واقع برطانوی فضائی اڈے "اکروتیری" پر ایک ایرانی ڈرون کے حملے کے بعد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی حکام کا خیال ہے کہ یہ ڈرون لبنان کی حزب اللہ تنظیم نے بھیجا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی نیٹو کے دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے ترکیہ کی فضائی حدود میں داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا تھا، جو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ میں ایک بڑی کشیدگی تھی جو اب پورے خطے میں پھیل رہی ہے۔
نیٹو کے رکن ملک ترکیہ نے گذشتہ ہفتے ہفتہ کے روز ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس کی جانب مزید میزائل نہ داغے، واضح رہے کہ ترکیہ ان ممالک میں شامل تھا جنہوں نے تہران پر اسرائیلی و امریکی جنگ کی مذمت کی تھی۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ نے پڑوسی ممالک بالخصوص آذربائیجان اور ترکیہ کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے اور موقف اختیار کرنے یا فیصلے کرنے میں تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
-
امریکہ واہیات بہانوں سے اپنے حملے کا جواز پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے : ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی اسرائیل و امریکہ کے ساتھ جنگ دسویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔وزارت خارجہ کے ...
مشرق وسطی -
واشنگٹن آپ کو تنہا چھوڑ سکتا ہے ... شام کے کردوں کا ایرانی کردوں کو انتباہ
شمالی عراق میں مقیم ایرانی کرد مسلح گروہوں کی جانب سے ایران کے مغربی علاقوں میں ...
مشرق وسطی -
جنگ بندی کے بارے میں بات کرنے کا فی الوقت کوئی موقع نہیں: ایرانی وزارتِ خارجہ
ایران اور دوسری جانب اسرائیل اور امریکہ کے درمیان چھڑنے والی جنگ کے دسویں روز میں ...
مشرق وسطی