ہرمز میں محفوظ گزرگاہ کے لیے تعاون کے لیے تیار ہیں: جاپان اور پانچ یورپی ملکوں کا اعلان
ایران اپنی دھمکیاں، بارودی سرنگیں بچھانا اور آبنائے کو بند کرنے کی کوششیں بند کردے: برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور جاپان کا مشترکہ بیان
بڑے یورپی ممالک نے جاپان کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ توانائی کی منڈیوں کے استحکام کے لیے اقدامات کریں گے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانے کے لیے مناسب کوششوں میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ اور جاپان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ایران کے حملوں کی مذمت کی گئی اور اس سے فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔
رائٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق بیان میں توانائی پیدا کرنے والے بعض ملکوں کے ساتھ پیداوار بڑھانے اور منڈیوں میں استحکام لانے کے لیے تعاون کا اشارہ دیا گیا۔ مزید کہا گیا کہ ہم آبنائے کے ذریعے محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانے کے لیے مناسب کوششوں میں تعاون کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ان ملکوں کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں جو ابتدائی منصوبہ بندی میں شریک ہیں۔
بیان میں تیل کے تزویراتی ذخائر کے استعمال کا خیرمقدم کیا گیا اور مزید کہا گیا کہ ہم توانائی کی منڈیوں کے استحکام کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔ ان اقدامات میں پیداوار بڑھانے کے لیے مخصوص پیداواری ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا بھی شامل ہوگا۔ بیان میں سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ذریعے مدد فراہم کرنے پر کام کرنے کا بھی ذکر کیا گیا۔