کویتی وزارت دفاع نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ فضائی دفاع کے نظام نے سات ڈرون طیاروں کو نشانہ بنایا ہے جو کویت کی طرف آئے تھے۔ ان سات ڈرونز کو 24 گھنٹوں کے دوران روکا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا سنٹر میں کرنل سعود الایتوان نے اس سلسلے میں ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ کویت کی مسلح افواج نے ڈرون حملوں کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے ڈرونز کو راستے میں ہی روک لیا۔ دفاعی نظام کے ذریعے یہ کارروائیاں کویت کے آپریشنل زونز میں کی گئی ہیں۔
کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق ترجمان نے بتایا ہے کہ ایران کی طرف سے ان ڈرون حملوں میں کویتی نیشنل گارڈز کو ہدف بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ ان حملوں میں زخمی ہونے والوں کی حالت بہتر ہے۔ تاہم ان حملوں سے بڑے مادی نقصان کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کویتی فورسز مجموعی طور پر اس طرح کے 14 واقعات سے نمٹنے میں کامیاب رہی ہیں۔
یاد رہے کویت کی وزارت داخلہ نے بدھ کے روز رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر نقصان ہوا ہے۔ ان میں کویت پٹرولیم کارپوریشن پر ڈرون حملے سے ہونے والا نقصان بھی شامل ہے۔