سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض کے شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں بین الاقوامی سطح پر میزبانی کی شہرت رکھنے والے 'ڈبلیو ہوٹل گروپ' کو ریاض میں آمد پر خوش آمدید کہا۔ جو جلد ریاض میں اپنی برانچ کھولنے والا ہے۔
شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے مطابق 'ڈبلیو ہوٹل' کا ریاض میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ اس سے ریاض میں ایک اور بین الاقوامی معیار کے ہوٹل کا اضافہ ہوگا۔
ریاض کے اسی علاقے میں اس سے پہلے 'کمپٹن' نے ماہ ستمبر میں اپنی خدمات کا آغاز کیا ہے۔ علاوہ ازیں ہلٹن کے ساتھ بھی ایک انتظامی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ جو 450 کمروں پر مشتمل ہوٹل تیار کرے گا۔
'ڈبلیو ہوٹل' ریاض میں 210 کمرے، 17 سویٹس اور 2 پینٹ ہاؤسز ہوں گے۔ ہوٹل میں 7 ریستوران قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ وسیع لاؤنج اور سوئمنگ پولز بھی قائم کیے جائیں گے۔
شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کا کہنا ہے یہ ترقیاتی پیش رفت ویژن 2030 کے تحت جاری ہے۔ تاکہ مملکت کو عالمی معیار کے لائف سٹائل سے جوڑا جا سکے اور بین الاقوامی مہمانوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے لیے بین الاقوامی معیار کے ہوٹل اور رہائش فراہم ہو سکیں۔
شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے چیف کمرشل آفیسر سلطان العبیدہ نے کہا بین الاقوامی پوٹل چینز کا یہاں آنا تجارتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کا باعث ہوگا۔
خیال رہے سعودی عرب نے ویژن 2030 کے تحت سالانہ بنیادوں پر 150 ملین سیاحوں کی آمد کا ہدف طے کر رکھا ہے۔ ویژن کے مطابق مملکت مذہبی سیاحت کے ساتھ ساتھ عمومی سیاحت کے لیے بھی غیر معمولی اہتمام اور تیاری کر رہی ہے۔ تاکہ سعودی عرب میں بین الاقوامی تجارتی کمپنیوں کے کاروبار کے فروغ کے ساتھ ساتھ سیاحت کا فروغ بھی ممکن ہو سکے۔