رمضان کی برکت:کراچی کے غریب روزہ داروں کی ہرن اور شتر مرغ کے گوشت سے تواضع
کراچی میں ایک فلاحی تنظیم نے غریب روزہ داروں کی سحری کے لیے بیش قیمت جانوروں کے گوشت سے تیارکردہ کھانا مہیا کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جعفریہ فائونڈیشن برائے ایمرجنسی سروسز کی طرف سے 500 نادار افراد کے لیے سحری کا اہتمام کیا گیا جس میں انہیں شُتر مرغ کے گوشت سےتیار کردہ کھانا کھلایا گیا۔
تنظیم کے سیکرٹری جنرل ظفرعباس نے بتایاکہ بیش قیمت جانوروں کے گوشت سے غریب شہریوں کی سحری کا اہتمام کاروباری شخصیات کے تعاون سے کیا گیا۔ دو کروڑ آبادی والے شہر کراچی میں غریب شہریوں میں قیمتی گوشت سے سحری کا اہتمام ایک منفرد کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت لوگوں نے ہماری مدد کی۔ گذشتہ برس بھی یہ تنظیم ماہ صیام میں لوگوں کو افطاری اور سحری کےاوقات میں کھانوں کا انتظام کرتی رہی ہے۔
ظفرعباس نے مزید کہا کہ ماہ صیام کے آئندہ ایام میں بھی وہ ہرن اور شتر مرغ کےگوشت سے روزہ داروں کی تواضع کریں گے۔ شترمرغ کے گوشت سےسحری کرنے والے ایک ٹرک ڈرائیور محمد حسین نے کہا کہ ایک مہنگے جانور کے گوشت سے سحری کرنا بہت اچھا لگا،میںنے زندگی میں پہلی بار شتر مرغ کا گوشت کھایا۔ یہ بہت لذیذ اور مزے دار ہے۔