وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید بن سلطان آل نہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
دونوں وزرا خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں وزرا خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
یمن کی آئینی حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے والے حوثی ملیشیا کی طرف سے متحدہ عرب امارات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اعادہ کیا کہ ایسے حملے علاقائی امن وسلامتی کے لئے سنگین خطرہ کا باعث ہیں جنہیں فوری بند کیا جائے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پر اماراتی حکومت کو مبارک دی۔ نمائش2020 میں پاکستان پویلین کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے شیخ عبداللہ نے انتہائی دلکش اور متاثر کن انداز میں پویلین بنانے اور اسے پیش کرنے کو بے حد سراہا۔
کثیرالقومی اداروں میں موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں وزرا خارجہ نے ایف اے ٹی ایف سمیت علاقائی اور عالمی تنظیموں میں قریبی اشتراک عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گذشتہ پانچ دہائیوں سے مشترک عقیدے، اقدار اور ثقافت پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔