رابطہ عالم اسلامی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شہر پشاور میں پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خوفناک دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ پیر کے روز نماز ظہر کے دوران ہونے والے اس حملے میں اب تک 88 افراد شہید اور 157 زخمی ہوگئے ہیں۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری اور مسلم علماء کی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اس مجرمانہ فعل کی شدید مذمت کی جس کے مرتکب افراد سے مذہب اور انسانیت کے معنی چھین لیے گئے تھے۔ انہوں نے نہ انسانی روح کی حرمت کا احترام کیا اور نہ ہی عبادت گاہوں کے تقدس کا۔ ایک مرتبہ پھر رابطہ عالم اسلامی پوری اسلامی دنیا کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے اس قسم کے تشدد اور دہشتگردی کو یکسر مسترد کرتی ہے۔
ڈاکٹر العیسیٰ نے رابطہ عالم اسلامی اور اس کی عالمی اکیڈمیوں، اداروں اور کونسلوں کی جانب سے متاثرین اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کی اور اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے۔ پیارے پاکستانی عوام کو ایسے حملوں سے محفوظ رکھے۔