لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آتشزدگی، حج پرواز رک گئی، امیگریشن سسٹم تباہ
آگ امیگریشن کاوٴنٹر کی سیلنگ میں اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ، مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی، آگ پر قابو پا لیا گیا، آگ کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی
علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر آتشزدگی ،حج پروازوں کو روک دیا گیا، آتشزدگی سے امیگریشن سسٹم تباہ ہو گیا، ائیرپورٹ حکام نے امیگریشن ہال خالی کروا لیا، آگ کے بعد امیگریشن کا عمل روک دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرصبح پانچ کے قریب آگ امیگریشن کاوٴنٹر کی سیلنگ میں اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ گئی۔آگ کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔آگ لگنے سے ائیرپورٹ کے لاونج میں دھواں بھر گیا۔ آگ لگنے سے امیگریشن سسٹم جل گیا جبکہ عمارت کو خالی کروا دیا گیا ہے۔ائیرپورٹ کے لاوٴنج میں آگ لگنے کے بعد سول ایوی ایشن کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف رہا جس کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
Fire Erupts at Lahore Airport , damaged the immigration system, leading to flight disruptions. Preliminary investigation suggests a short circuit as the cause of the fire. #LahoreAirportFire pic.twitter.com/0nSCG8GQdC
— Ghulam Abbas Shah (@ghulamabbasshah) May 9, 2024
امیگریشن سسٹم میں خرابی کی وجہ سے سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کا رخ موڑ دیا اور لاہور سے جانے والی حج پرواز کو بھی روک لیا گیا۔آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔حکام کے مطابق آگ سے امیگریشن کا عمل متاثر ہونے کے بعد عازمین حج کی امیگریشن کا عمل ڈومیسٹک کاوٴنٹر سے شروع کردیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر لگنے والی آتشزدگی پر قابوپا لیا گیا ہے اورحج اور دیگر بین الاقوامی پروازوں کو مقامی پروازوں والے سکیشن سے چلایا جا رہا ہے۔ عازمینِ حج کے لیے بنائے جانے والے امیگریشن کاوٴنٹر کی سیلنگ میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی تھی۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن بھی جلد بحال کردیا جائے گا۔ آنے والی پروازوں کی منیوئل امیگریشن کی جارہی ہے۔ آتشزدگی سے پہلی حج پرواز سمیت 6 بین الاقوامی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ قطر ایئر ویز اور سیال ایئر کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔