پاکستان کرکٹ بورڈ کا جدہ کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر میں اظہار دلچسپی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اتوار کو کہا ہے کہ اس نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے ساتھ مل کر جدہ میں ایک سٹیڈیم کی تیاری میں تعاون کے لیے اظہارِ دلچسپی (ای او آئی) کی منظوری دے دی ہے۔ فریقین مملکت میں کھیل کو فروغ دینے کے لیے اپنی شراکت داری بہتر کر رہے ہیں۔

کرکٹ میں ایک طاقتور مقام کے حامل پاکستان نے سعودی عرب کو کرکٹ سٹیڈیمز کی تعمیر اور مملکت میں کھیل کو ترقی دینے میں مدد کی پیشکش کی ہے۔

دسمبر 2024 میں مملکت کے دورے کے دوران پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ایس اے سی ایف کے ہم منصب شہزادہ سعود بن مشال آلِ سعود سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ روابط پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نقوی نے مملکت کے طول و عرض میں سٹیڈیمز کی تعمیر میں ایس اے سی ایف کو "ہر ممکن تعاون" کی پیشکش کی۔

بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ای او آئی کی منظوری لاہور میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران دی گئی جس میں کرکٹ سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال ہوا۔

سعودی عرب میں 2020 میں ایس اے سی ایف کے قیام کے ساتھ مملکت میں کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کے بعد سے بورڈ نے ملک میں کھیل کو فروغ دینے اور مستقبل میں دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کی غرض سے قومی ٹیمیں تیار کرنے کے لیے کئی پروگرام ترتیب دیے ہیں۔

مملکت میں عشرہ 1960 کے اوائل میں یہ کھیل متعارف ہوا جس کے بعد جلد ہی ملک میں مقامی کلبز نے شکل اختیار کرنا شروع کر دی۔ ملک میں اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے سعودی عرب 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا الحاق شدہ رکن بن گیا اور 2016 میں اسے ایسوسی ایٹ رکنیت پر ترقی دی گئی۔

مملکت نے نومبر 2024 میں جدہ میں انڈین پریمیئر لیگ کی نیلامی کی میزبانی کی تو میڈیا پر شہ سرخیاں بنیں۔

2024 میں ایس اے سی ایف نے کہا کہ ملک میں مقامی پروگراموں کی تعداد میں اضافہ اور ایک پیشہ ور لیگ تشکیل دے کر مملکت کے کرکٹ انفراسٹرکچر کو ترقی دینا اس کی مستقبل کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں