سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر اضافی معاونت اور پانچ ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس رقم کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ مملکت سعودی عرب نے پاکستان کیلئے مزید 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی منظوری دے دی ہے، جن کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کا موجودہ 5 ارب ڈالر کا ڈپازٹ اب سالانہ بنیاد پر رول اوور کا پابند نہیں رہے گا بلکہ اسے طویل مدت کیلئے بڑھا دیا جائے گا۔
واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے لئے سعودی مالی تعاون اور حکومت کی بیرونی فنانسنگ حکمت عملی سے متعلق اہم تفصیلات شیئر کیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ یہ مالی معاونت پاکستان کی بیرونی فنانسنگ ضروریات کیلئے نہایت اہم وقت پر فراہم کی گئی ہے، جس سے زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے اور بیرونی کھاتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اپنے اہداف کے مطابق ذخائر کو تقریباً 18 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے، جو تقریباً 3.3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے واپس کیا، جسے انہوں نے ’نان ایونٹ‘ قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام بیرونی ادائیگیاں اور واجبات بروقت پورے کرے گی۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ واشنگٹن میں انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اور امریکا میں پاکستان کے سفیر کے ہمراہ سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدان سے تفصیلی ملاقات کی، اس سے قبل بھی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی، تاہم باضابطہ تصدیق سے قبل حکومت نے اس حوالے سے کوئی عوامی بیان نہیں دیا تھا۔
Saudi Arabia Announces USD 3 Billion Additional Support, Extends USD 5 Billion Deposit: Finance Minister
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) April 15, 2026
Federal Minister for Finance and Revenue, Senator Muhammad Aurangzeb, has informed that the Kingdom of Saudi Arabia has committed USD 3 billion in additional deposits, with… pic.twitter.com/E8dXPg6g9Y
انہوں نے سعودی قیادت، خصوصاً ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدان اور نائب وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل حمایت اور تعاون قابل تحسین ہے۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کی سیاسی و معاشی قیادت کے کردار کو بھی سراہا، انہوں نے وزیر اعظم، فیلڈ مارشل، نائب وزیر اعظم، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور متعلقہ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اعتماد اور مثبت تاثر انتہائی اہم ہیں، پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، پاکستان اپنی بیرونی فنانسنگ حکمت عملی کے تحت گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام اور پانڈا بانڈ کے اجرا پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنایا جا سکے۔
انہوں نے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ معاشی استحکام، بیرونی ذمہ داریوں کی تکمیل، اصلاحات کے تسلسل اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ روابط کو برقرار رکھے گی۔