کیا روس کی مشہور جمناسٹ رقاصہ کترینا صدر پوتین کی حقیقی بیٹی ہیں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 7 منٹ

روس کی مشہور کرتب باز رقاصہ ( جمناسٹ) کترینا تیخونوفا کے کرتب بازی کے کھیل سے تعلق رکھنے والے ایک ساتھی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ صدر ولادی میر پوتین کی چھوٹی بیٹی ہیں لیکن بعد میں اپنا یہ بیان واپس لے لیا ہے اور یہ موقف اختیار کیا ہے کہ وہ سوال کو سمجھنے سے قاصر رہے تھے۔

گذشتہ دو سال میں یہ دوسرا موقع ہے کہ برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے کترینا تیخونوفا کا روسی صدر پوتین سے قریبی خونی رشتہ بتایا ہے۔اس ضمن میں پہلے تو اس ایجنسی نے اپنی معلومات کے ذریعے کا نام کے ساتھ حوالہ دیا ہے لیکن پھر اس کی تردید بھی کردی ہے۔

عالمی راک اینڈ رول کنفیڈریش ( ڈبلیو آر آر سی) کے نائب صدر برائے قانونی امور منفرد محب نے اتوار کے روز رائیٹرز کو ماسکو میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ کترینا تیخونوفا روسی صدر پوتین کی بیٹی ہیں۔ان سے جب یہی سوال دُہرایا گیا کہ کیا وہ یہ جانتے ہیں کہ کترینا صدر پوتین کی بیٹی ہیں تو انھوں نے اس جواب میں کہا:’’ ہاں ، میں اس کو جانتا ہوں ۔یقینی طور پر میں یہ بات جانتا ہوں‘‘۔

جب کریملن اور خود کترینا سے اس معاملے پر بات کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ رائیٹر ز کی یہ رپورٹ منگل کو شائع ہوئی تو منفرد محب نے اس برطانوی خبررساں ایجنسی سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کیا اور اپنی مذکورہ بات سے یکسر انکاری ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں اس بات سے آگاہ نہیں ہوں کہ میں مسٹر پوتین کی بیٹی کو جانتا ہوں۔میرا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے‘‘۔

جب ان سے یہ کہا گیا کہ انھوں نے پہلے یہ کیوں کہا تھا کہ کترینا صدر پوتین کی بیٹی ہے تو وہ بولے :’’ مجھ پہ یقین کریں۔ ہال میں بہت زیادہ شور تھا اور میں بہت سی باتیں نہیں سمجھ سکا۔اس لیے مجھے یہ یقین نہیں ہے کہ میں نے آپ کو درست جوابات دیے ہیں‘‘۔

منفرد محب کا مزید کہنا تھا کہ ’’ مجھے قوت سماعت کا مسئلہ درپیش ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم میں بعض غلط فہمیاں پیدا ہوگئی تھیں‘‘۔

سنہ 2015ء میں روس کے گیز پرام بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ڈپٹی چیئرمین آندرے آکیموف نے رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کترینا تیخونوفا روسی صدر کی صاحب زادی ہیں لیکن بعد میں انھوں نے اپنے اس بیان کی تردید کردی تھی۔رائیٹرز نے اس خاتون کی دو اور ذرائع سے شناخت کی بھی تصدیق کی تھی۔

لیکن جب یہ رپورٹ شائع ہوئی تو اس وقت بھی اول الذکر معاملے کی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا اور گیز پرام بنک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’آکیموف خود سے منسوب بیان دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا تھا‘‘۔ابھی منگل کو جب اس موضوع پر دوبارہ ان سے بات کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ولادی میر پوتین ماضی میں روس کی مشہور زمانہ خفیہ ایجنسی کے جی بی میں انٹیلی جنس افسر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔انھوں نے اپنے خاندان کی نجی زندگیوں کو پردۂ اخفا میں رکھا ہوا ہے۔بالخصوص وہ اپنی دونوں بیٹیوں ماریہ اور کترینا سے متعلق کسی تفصیل کو عوام کے سامنے نہیں آنے دیتے ہیں۔

تاہم کترینا کی شناخت کے حوالے سے وقفے وقفے سے قیافے سامنے آتے رہتے ہیں لیکن خود انھوں نے یا کریملن نے کبھی اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ وہ صدر پوتین ہی کی بیٹی ہیں۔کریملن کا کہنا ہے کہ وہ صدر کے قریبی لوگوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کرتا ہے۔

کترینا کی عمر اکتیس سال ہے ۔انھوں نے اپنی دادی کے نام تیخونوفا کو اپنے نام کا حصہ بنا رکھا ہے۔وہ ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی میں سرکار کے فنڈز سے چلنے والے مختلف منصوبوں میں کام کرتی ہیں۔وہ ڈبلیو آر آر سی کی نائب صدر کے طور پر بھی کام کرتی ہیں۔ وہ راک اینڈ رول کی ایک بڑی رقاصہ اور کرتب باز ہیں۔وہ رقص کے ڈسپلن میں متعدد عالمی مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں اور اپنی صلاحیتوں کی بدولت ہی ڈبلیو آر آر سی میں ایک سینیر عہدے پر فائز ہیں۔

ان کی صدر پوتین کے ایک قریبی دوست کے بیٹے کیریل شاملوف سے شادی ہوئی ہے۔ان کے خاوند روس کی سب سے بڑی پیٹرو کیمیکل کمپنی کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں ۔مختلف سودوں کے ذریعے وہ اب تک کم سے کم ایک ارب ڈالرز کی رقم اکٹھی کرچکے ہیں۔

کترینا
کترینا
مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size