اسمارٹ فون کا حد سے زیادہ استعمال ڈبل ٹھوڑی اور چہرے کی جھریوں کی ایک اور وجہ
جھکی ہوئی گردن کی عادت چہرے کی پٹھیاں کمزور کرتی ہے، جلد ڈھیلی پڑتی ہے اور جھریاں وقت سے پہلے نمودار ہو جاتی ہیں:تحقیق
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون کا طویل استعمال، خصوصاً نیچے جھک کر مسلسل اسکرین پر نظریں جمائے رکھنا نہ صرف نظر اور نیند کو متاثر کرتا ہے بلکہ چہرے کی ساخت پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے۔ اس عادت کے باعث گردن اور جبڑے کے عضلات کمزور پڑ جاتے ہیں جس سے جلد میں ڈھیلا پن آتا ہے اور چہرے کے نچلے حصے پر قبل از وقت جھریاں اور ڈبل ٹھوڑی نمودار ہونے لگتی ہے۔
چہرہ ہر فرد میں مختلف ہوتا ہے اور اس کے مسائل بھی جداگانہ ہوتے ہیں، جیسے کیل مہاسے، جھائیاں، جلد کا لٹک جانا، آنکھوں کے گرد سوجن، یا ڈبل ٹھوڑی۔ اگرچہ ان میں سے کئی علامات عمر کے ساتھ آنا فطری امر ہے، لیکن جدید تحقیقات ظاہر کرتی ہیں کہ موبائل فون کا غیر محتاط استعمال ان مسائل کو کم عمری میں بھی جنم دے سکتا ہے۔
ڈبل ٹھوڑی کی عمومی وجوہات میں وزن میں اضافہ، ہارمونی تبدیلیاں، عمر رسیدگی اور موروثی عوامل شامل ہوتے ہیں، لیکن حالیہ مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسمارٹ فون کا حد سے زیادہ استعمال بھی اس فہرست میں شامل ہو چکا ہے۔
ماہرین بتاتے ہیں کہ موبائل فون کی اسکرین پر جھک کر دیکھنے سے نہ صرف نیند، توجہ اور بینائی متاثر ہوتی ہے بلکہ گردن اور منہ کے نچلے حصے کے پٹھے بھی ڈھیلے پڑنے لگتے ہیں۔ خاص طور پر جب سر مسلسل آگے کی جانب جھکا ہو، تو زبان کے نیچے موجود تقریباً 20 باریک پٹھوں میں بھی ڈھیلا پن آجاتا ہے۔
یہ طرزِ نشست نہ صرف گردن کے ریڑھی کی ہڈی کو متاثر کرتا ہے بلکہ منہ کے نچلے حصے کے ساتھ مل کر ٹھوڑی کے نیچے چربی جیسی ساخت پیدا کرتا ہے، جو دراصل پٹھوں کی کمزوری کی وجہ سے ہوتی ہے، نہ کہ چربی کی زیادتی یا صرف جلد کی لچک میں کمی سے۔
بچاؤ اور حل
ماہرین کا مشورہ ہے کہ بغیر کسی جراحی مداخلت کے اس مسئلے کا حل ممکن ہے۔ صرف اتنا کریں کہ موبائل فون کو آنکھوں کی سطح تک اٹھا کر استعمال کریں تاکہ گردن اور جبڑے کے عضلات اپنی قدرتی حالت میں رہیں۔ اس کے ساتھ زبان کو منہ کے تالوسے لگا کر رکھنا اور گردن کے عضلات کو مضبوط بنانے والی ورزشیں کرنا بھی فائدہ مند ہے۔
تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ سادہ اقدامات 80 فیصد کیسز میں ڈبل ٹھوڑی کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ نیز، موبائل کا بے تحاشہ استعمال ایسی باریک جھریوں کو بھی جنم دیتا ہے جنہیں ماہرین "اسمارٹ فون جھریاں" کہتے ہیں۔
صحیح نشست اور موبائل دیکھنے کا درست زاویہ نہ صرف ان جھریوں سے بچاؤ کا ذریعہ بن سکتا ہے، بلکہ چہرے کے قدرتی حسن کو بھی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔